ٹریک پر گاڑی چلانے سے قبل سمیلیٹر پر سائنسی طور پر مہارت کی جانچ ہوگی، محکمہ ٹرانسپورٹ کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 17 مئی (سیاست نیوز) ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے ٹسٹ مزید سخت ہونے جارہا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے موجودہ پالیسی میں تبدیلی کی تیاری کررہا ہے۔ فی الحال خالی میدان میں گاڑی چلاتے ہوئے ٹریک پر موجود H اور 8 کی تکمیل کرنے پر ڈرائیونگ لائسنس دیا جارہا ہے۔ نئے نظام میں ڈرائیونگ کی مہارت کو ٹریک کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی ڈیوائس پر سائنسی طور پر جانچا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ان تجاویز کو اصولی طور پر منظور کرلیا ہے۔ ریاست کے 18 آر ٹی او دفاتر میں نئی پالیسی کو نافذ کرنے کیلئے عہدیدار کام کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ موجودہ نظام میں ڈرائیونگ لائسنس کی اجرائی میں درمیانی افراد اہم رول ادا کررہے ہیں۔ ڈرائیونگ ٹسٹ کے دوران پائی جانے والی نقائص کو دور کراتے ہوئے لائسنس کی اجرائی کو یقینی بنارہے ہیں۔ اس طرح لائسنس حاصل کرنے والے بیشتر افراد بائیک اور کاریں لاپرواہی سے چلارہے ہیں جن سے حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ان کی وجہ سے دوسروں کو بھی خطرہ ہورہا ہے۔ سال 2023ء کے دوران ریاست میں 22,093 حادثات ہوئے سال 2024 میں بڑھ کر ان کی تعداد 25,934 تک پہنچ گئی۔ مسلسل دو سال 28,682 اور 31,559 افراد سڑک حادثات کا شکار ہوئے۔ ان حادثات کیلئے غلط ڈرائیونگ کی بھی ایک بڑی وجہ تصور کی جارہی ہے۔ اس پس منظر میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈرائیونگ کی مہارت کو مزید جانچنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی تجویز کردہ نئی پالیسی کے مطابق ڈرائیونگ ٹسٹ، زمین پر ٹسٹ ٹریک کے علاوہ سمیلیٹر پر بھی کئے جائیں گے۔ یہ سمیلیٹر ایک حقیقی کار کی نقل کی طرح ہے۔ اس میں گاڑی کی طرح اسٹیرنگ، کلچ، بریک اور گیرز رہیں گے۔ ہارڈویر کے ساتھ ساتھ سامنے والی اسکرین پر سافٹ ویر بھی رہے گا۔ اسکرین پر سڑک اور گاڑیاں بھی نظر آئیں گی۔ گاڑی اسٹیرنگ، وہیل اور گیرز کی مدد سے آگے بڑھے گی۔ آپ کی گاڑی کے اطراف و اکناف گاڑیاں گزرتی نظر آئیں گی۔ سڑک پر بارش ہورہی ہے یا دھند چھایا ہوا ہے۔ ایسی صورت میں آپ کی صلاحیتوں کا بھی تجزیہ ڈرائیونگ ٹسٹ دینے والوں کے چہرے کے تاثرات بھی کیمروں میں ریکارڈ کئے جائیں گے۔ جب ٹریفک زیادہ ہو اور کوئی گاڑی تیزی سے گزر رہی تو آپ کیسا ردعمل ظاہر کرتے ہیں؟ کیا آپ تناؤ کا شکار ہیں؟ اس کا بھی تجزیہ کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے 34 دفاتر میں سمولیٹرز لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ خانگی کمپنیوں کے ذریعہ سمیولیٹر لگانے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے۔ اس ٹسٹ کیلئے سب سے کم فیس تجویز کرنے والی کمپنی کا ٹنڈرس کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا۔ فیس کی شکل میں وصول ہونے والی آمدنی کا 50 فیصد حصہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو حاصل ہو اس کے قواعد تیار کرنے میں عہدیدار مصروف ہے۔2