ڈرگ نیٹ ورکس کیخلاف کارروائی، 3.2 کروڑ مالیتی جائیدادیں ضبط

   

نظام آباد 10 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس نے الپرازولم جیسے نشہ آور مادہ کی غیر قانونی تیاری، منتقلی، سپلائی اور فروخت میں ملوث بین ریاستی ڈرگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کی گئی تقریباً 3.02 کروڑ روپے مالیتی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط اور اٹیچ کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔ پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا کی ہدایت اور نظام آباد اے سی پی بی پرکاش یادو کی نگرانی میں نظام آباد رورل انسپکٹر سی ایچ سرینواس اور نظام آباد ایگل ٹیم کی جانب سے کی گئی مسلسل تحقیقات کے دوران بین ریاستی الپرازولم سپلائی نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا گیا۔ نظام آباد رورل پولیس اسٹیشن میں درج کرائم نمبر 127/2025 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات میں پانچ بین ریاستی منشیات اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جن میں سے چار کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزمین کے قبضے سے تقریباً 1.087 کلوگرام الپرازولم، جس کی مالیت تقریباً 4.50 لاکھ روپے بتائی گئی، کے علاوہ ایک ہنڈائی آئی20 کار، ماروتی سوئفٹ ڈزائر کار نمبر، پانچ موبائل فون اور 3.50 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے۔ پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمین سے پوچھ تاچھ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر انکشاف ہوا کہ الپرازولم کو راجستھان سے مہاراشٹرا کے راستے غیر قانونی طور پر منتقل کیا جاتا تھا اور پھر مختلف راستوں سے تھوڑی تھوڑی مقدار میں نظام آباد اور نرمل اضلاع تک پہنچا کر مقامی سطح پر منشیات استعمال کرنے والوں کو تقریباً چار سے پانچ لاکھ روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کیا جاتا تھا۔ پولیس نے منشیات کے کاروبار سے حاصل ہونے والی غیر قانونی آمدنی کا سراغ لگاتے ہوئے نظام آباد، نرمل اور محبوب نگر اضلاع کے متعلقہ سب رجسٹرار اور تحصیلدار دفاتر سے ملزمین اور ان کے اہل خانہ کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کیں۔ تحقیقات میں اے ون گندم سرینواس گوڑ اور ان کے اہل خانہ، جبکہ اے ٹو بوتلا کاتمایا گوڑ کی جانب سے الپرازولم کی غیر قانونی فروخت سے حاصل کی گئی رقم سے خریدی گئی مشتبہ جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی۔ پولیس کے مطابق سرکاری قیمتوں کے حساب سے ان جائیدادوں کی مالیت تقریباً 3.02 کروڑ روپے ہے، جبکہ کھلی مارکیٹ میں ان کی قیمت کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔