ڈسمبر میں اسکول اور جونیئر کالجس کی کشادگی کیلئے سفارش

   

چیف منسٹر کا فیصلہ باقی، اولیائے طلبہ باقاعدہ کلاسس کے حق میں نہیں
حیدرآباد: محکمہ تعلیم کو ریاست میں اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فیصلہ انتظار ہے۔ ریاست میں کورونا کیسس میں کمی کے بعد ہائی اسکولس اور جونیئر کالجس کی کشادگی کے سلسلہ میں عہدیداروں نے حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کلاسس کے آغاز کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ کورونا کیسس میں کمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسکولوں کا آغاز کیاجاسکتا ہے۔ توقع ہے کہ بلدی انتخابات کی رائے دہی کے بعد چیف منسٹر اس سلسلہ میں فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ اولیائے طلبہ اسکولوں کے باقاعدہ آغاز کے حق میں نہیں ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ طریقہ کار کی طرح آن لائین کلاسس کا سلسلہ جاری رہے۔ عہدیداروں نے ڈسمبر میں اسکولس اور جونیئر کالجس میں کلاسس کے آغاز کی تجویز پیش کی ہے۔ نویں تا بارھویں جماعت کے طلبہ کیلئے کلاسس کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔