ڈومیسٹک فلائیٹس کا 25 مئی سے دوبارہ آغاز

,

   

مرحلہ وار پروازوں کی تفصیلات کا عنقریب اجراء : وزیر شہری ہوا بازی

نئی دہلی۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دو مہینے کے وقفے کے بعد گھریلو مسافر پروازیں پیر سے شروع ہوجائیں گی۔ شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے آج یہ اطلاع دی۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا ’’گھریلو پروازیں مرحلہ وار طریقے سے 25 مئی سے شروع کی جائیں گی۔ تمام ایرپورٹس اور طیارہ خدمات کمپنیوں کو اس کی اطلاع دی جارہی ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کے انفیکشن کے پیش نظر ہوائی اڈوں اور طیاروں کے اندر برتی جانے والی احتیاطی تدابیر اور نئے حالات میں پروازوں کے طور طریقوں کے بارے میں اور پروازوں کا معیاری طریقہ کار (ایس او پی) سے متعلق رہنمایانہ خطوط اور تفصیلات عنقریب جاری کی جائیں گی۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کو قابو میں کرنے کیلئے 25 مارچ سے ملک میں سبھی گھریلو پروازوں پر روک لگادی گئی تھی، اگرچہ مال بردار طیاروں اور خصوصی اجازت یافتہ مسافر طیاروں کی پروازیں جاری تھیں۔ بین الاقوامی پروازیں 22 مارچ سے ہی بند ہیں۔ ہردیپ پوری کی اطلاع کے مطابق گھریلو پروازیں شروع ہوں گی۔ تاہم بین الاقوامی پرواز سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔