ڈومیسٹک پروازوں کے دوسرے دن بھی عوام کو مشکلات

,

   

کئی شہروں سے پروازوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا ۔ سوشیل میڈیا پر مسافرین کا اظہار برہمی
نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر کے ائرپورٹس سے آج 325 ڈومیسٹک پروازوں نے اڑان بھری جبکہ شام 5 بجے تک 283 طیارے اپنے مقامات مقصود تک پہونچ چکے تھے ۔ تاہم کئی پروازوں کو منسوخ کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کی وجہ سے مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ملک میں کل پیر سے پروازیں شروع ہوئی تھیں تاہم آندھرا پردیش میں آج منگل سے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔ مغربی بنگال واحد ایسی ریاست ہے جہاں کوئی ڈومیسٹک سرویس شروع نہیں کی گئی ہے ۔ ممبئی ‘ چینائی اور حیدرآباد جیسے بڑے ائرپورٹس نے پروازوں کی تعداد پر پابندی بھی عائد کر رکھی ہے اس کے باوجود کچھ پروازوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا ہے ۔ پیر کی طرح آج بھی جب مسافرین اپنی پرواز کیلئے ائرپورٹس پہونچے تو انہیں مطلع کیا گیا کہ فلائیٹ منسوخ کردی گئی ہے ۔ کئی افراد نے اس پر سوشیل میڈیا پر اپنے غصہ و برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے کہاکہ ملک میں ڈومیسٹک پروازوں کا عمل پرسکون رہا اور ائرپورٹس پر طیاروں کی آمد و رفت ہوئی ہے ۔ جملہ 41,673 مسافرین کو ان پروازوں سے منتقل کیا گیا ہے ۔ چینائی ائرپورٹ پر 20 پروازوں کی آمد ورفت ہوئی جبکہ کہا یہ جا رہا تھا کہ یہاں 25 پروازوں کی آمد و رفت کا اہتمام ہوسکتا ہے ۔ آندھرا پردیش میں وجئے واڑہ اور ویزاگ ائرپورٹس پر آٹھ آٹھ پروازوں کی آمد و رفت کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ دہلی میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر 277 پروازوں کی آمد و رفت کا منصوبہ تھا تاہم یہاں 25 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ۔