واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سی این این پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جس میں نشریاتی ادارے سے 475 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا کی ضلعی کورٹ فورٹ لاڈرڈیل میں سی این این پر بے جا تنقید کے ذریعے سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے 475 ملین ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سی این این نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو سیاسی طور پر شکست دینے کے لیے بدکاری اور بہتان پر مشتمل باقاعدہ مہم چلائی اور سرکردہ میڈیا ہاؤس ہونے کی حیثیت سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا۔سابق صدر نے اپنے دعویٰ میں الزام عائد کیا کہ سی این این نے مجھ پر نسل پرست، روس کا حامی، ہٹلر اور بغاوت پسند ہونے کے گھناؤنے، جھوٹے اور ہتک آمیز القاب سے بھی پکارا۔ڈونالڈ ٹرمہ نے مقدمے میں ایسے واقعات کی فہرست بھی پیش کی جس میں ’’سی این این‘‘ ان کا ہٹلر سے موازنہ کیا اور بشمول میزبان فرید زکریا کی جنوری 2022 کی خصوصی رپورٹ میں جرمن آمر کی فوٹیج بھی شامل تھی۔ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے 29 صفحات پر مشتمل مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سی این این کا ان پر تنقید کرنے کا طویل ماضی ہے لیکن حالیہ مہینوں میں اس میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ سی این این کو خدشہ ہے کہ سابق صدر 2024 میں دوبارہ صدارتی انتخاب لڑیں گے۔