ڈپٹی چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پرجا بھون میں دھریندر شاستری کا خیرمقدم

   

مذہبی نعروں کی گونج ۔ آرتی اتاری گئی ۔ پھول نچھاور ۔ ہنمنت کتھا میں ملو بٹی وکرامارکا کی اہلیہ و راجہ سنگھ کی شرکت

حیدرآباد۔19۔جولائی(سیاست نیوز) ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کا بارہا اعلان کرنے والے باگیشور دھام کے دھریندر شاستری کا تلنگانہ کے پرجا بھون میں پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارکا کی سرکاری قیامگاہ میں ’ جئے شری رام ‘ اور جئے باگیشور دھام کے نعرے بھی لگائے گئے ۔ دھریندر شاستری حیدرآباد میں تین دن ہنمنت کتھا کے سلسلہ میں آئے تھے ۔ ان کی کتھا میں ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ کے علاوہ گوشہ محل کے ملعون رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بھی شرکت کی تھی اور ان کی آرتی اتاری گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ ملو نندنی نے اس کتھا میں شرکت کے بعد دھریندر شاستری کو پرجا بھون مدعو کیا تھا ۔ اس دعوت پر دھریندر شاستری ڈپٹی چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پہونچے ۔ یہاں ڈپٹی چیف منسٹر ملوبٹی وکرامارکا نے ان کا خیرمقدم کیا ۔ دھریندر شاستری نے شہر میں 17 تا 19 جولائی ہنمنت کتھا میں حصہ لیا تھا اور اس کے اختتام کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پرجا بھونپ ہونچے ۔ یہاں ان کی خیرمقدمی تقریب منعقد ہوئے اور تحائف بھی پیش کئے گئے ۔ اس دوران پرجا بھون میں عہدیداروں کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر اور ان کے افراد خاندان موجود تھے۔ ملو بھٹی وکرمارکا نے دھریندر شاستری کو شال اڑھا کر عزت افزائی کی۔ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ نندنی ملو اور بیٹے سوریا وکرمارکا نے آرتی اتاری اور پھول نچھاور کر کے استقبال کیا۔قابلِ ذکر یہ ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کی اہلیہ نندنی ملو شری ہنومنت کتھا کے پہلے دن بھی شریک ہوئی تھیں۔ دھریندر شاستری وہی پنڈت ہیں جو سارے ملک میں ہندو راشٹر کی باتیں کرتے ہیں اور وہ بی جے پی کے کئی قائدین سے قربت رکھتے ہیںاور بی جے پی قائدین بھی اکثر و بیشتر ان کے متنازعہ بیانات کادفاع کرتے ہیں ۔