ڈگری کالجس کو خطرہ ، تین سال سے داخلہ نہ ہونے پر بند کردینے پر غور

   

آئندہ سال داخلہ ناممکن ، تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل میں فیصلہ
حیدرآباد۔18 ۔مئی۔(سیاست نیوز) ریاست میں موجود ڈگری کالجس جن میں گذشتہ تین برسوںکے دوران کوئی داخلہ نہ ہوا ہو ان ڈگری کالجس کے اجازت ناموں اور الحاق کو منسوخ کردیا جائے گا ۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق آئندہ سال ان کالجس کو داخلوں کی منظوری فراہم نہیں کی جائے گی جن کالجس میں گذشتہ تین برسوں کے دوران کوئی داخلہ نہیں ہوا ہے ۔ کونسل کی جانب سے گریجویشن کورسس میں بین الاقوامی زبانوں کی تعلیم کو بھی منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان زبانوں کو دوسری زبان کا درجہ حاصل رہے گا۔ ریاست تلنگانہ میں آئندہ تعلیمی سال سے بین الاقوامی زبانوں کی تعلیم کا سلسلہ فرانسیسی زبان سے شروع کیا جائے گا اور دیگر زبانوں کی شمولیت کے اقدامات کو بھی یقینی بنیا جائے گا۔ ریاست تلنگانہ میں موجود ڈگری کالجس میں مخلوعہ نشستوں کو پر نہ کئے جانے کے سبب کالجس کو نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے علاوہ ازیں طلبہ کی بڑی تعداد اپنے گھروں سے قریب ڈگری کالجس میں داخلوں کو ترجیح دے رہی ہے اسی لئے تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں موجود ڈگری کالجس اور ان کی نشستوں کی تعداد میں تخفیف کی جائے تاکہ تمام کالجس میں موجود نشستوں پر داخلو ںکو یقینی بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق کونسل کی جانب سے کئے گئے فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ابتداء میں فوری طور پر ان کالجس کے الحاق اور اجازت ناموں کو منسوخ کیا جائے گا جن کالجس میں گذشتہ تین برسوں سے کوئی داخلہ نہیں ہوا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں کالجس کے ان کورسس کے اجازت نامو ںکو منسوخ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے جن میں 15 سے کم طلبہ داخلہ حاصل کرتے ہوئے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے جن ڈگری کالجس کو اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے ان کے داخلوں کی جانچ اور آن لائن داخلوں کے سبب طلبہ کی جانب سے داخلوں کے حصول کے لئے اپنی پسند ظاہر کئے جانے کے علاوہ نشستوں کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں جاری اقدامات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ بیشتر کالجس میں نشستیں مخلوعہ رہنے لگی ہیں لیکن اس کے باوجود کالجس کے انتظامیہ کو اپنے الحاق کی تجدید کے علاوہ اجازت نامو ںکے حصول کے لئے ہر سال فیس ادا کرنی پڑرہی ہے اور ان پر عائد ہونے والے بوجھ کے علاوہ داخلہ نہ ہونے کے سبب کالج انتظامیہ مشکل صورتحال کا سامنا کررہے ہیں لیکن تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیمات کے اس فیصلہ کے بعد ڈگری کالجس کی تعداد اور ڈگری میں موجود نشستوں میں کمی ہوگی۔م