بھوپال، یکم مئی (یواین آئی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے آج جمعہ کے روز بھوپال میں واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچ کر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے ملاقات کی اور کسانوں سے متعلق مختلف مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر گیہوں کی خریداری کے دوران کسانوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کی درخواست کی۔ اس دوران دگ وجے سنگھ نے 18 مئی سے 28 مئی کے درمیان اپنے آبائی علاقے راگھوگڑھ کے گاؤں بھینسانہ میں منعقد ہونے والے 151 کنڈی شری رام مہایگیہ میں شرکت کے لیے وزیر اعلیٰ کو دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس تقریب کے سرپرست وہ خود اور ان کا خاندان ہیں۔
گورنر ہری بھاؤ باگڈے کے ہاتھوں مردم شماری 2027 کا آغاز
جے پور،یکم مئی ( یو این آئی)راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ کشن راؤ باگڈے نے جمعہ کے روز یہاں ‘سیلف اینومریشن’ (خود شماری) کے ذریعے ‘مردم شماری 2027’ کے عمل کا باضابطہ افتتاح کیا۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ اس تقریب کے ساتھ ہی ریاست بھر میں مردم شماری کی سرگرمیوں کے پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے ۔اس موقع پر گورنر باگڈے نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی اہمیت کے حامل کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہری اپنی اور اپنے خاندان کی درست اور مکمل معلومات فراہم کریں۔ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کریں تاکہ ڈیٹا کے حصول میں شفافیت آئے ۔
نوجوان اور سماجی تنظیمیں ان لوگوں کی مدد کریں جو ڈیجیٹل پورٹل استعمال کرنے میدشواری محسوس کرتے ہیں۔