ڈیجیٹل ٹکنالوجی کے دور میں میڈیا کا عصری ٹکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ضروری

   

تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی میں اجلاس، سرینواس ریڈی، عامر علی خاں، وینکٹ راؤ، ڈی امر اور دوسروں کا خطاب

حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اِس دور میں میڈیا کو عصری ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے اِس دور میں میڈیا مسابقتی دوڑ میں برقرار رہ سکے۔ تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی کی صدارت میں میڈیا میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے مسئلہ پر ریاست کے سینئر صحافیوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسابقتی دوڑ میں میڈیا کے مستقبل، ڈیجٹلائزیشن، میڈیا قوانین اور صحافیوں کے لئے ٹریننگ پروگرامس کے انعقاد جیسے اُمور کا جائزہ لیا گیا۔ اسپیشل کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جی مکندر ریڈی نے اجلاس میں شریک صحافیوں کا استقبال کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جرنلزم کی ڈگری کی تعلیم کے دوران اخبارات کے ایڈیٹوریلس کا مطالعہ کرتے ہوئے انھیں سیول سروسیس خدمات کی جانب رغبت حاصل ہوئی۔ سینئر صحافی آئی وینکٹ راؤ نے میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے صحافیوں کے لئے ٹریننگ پروگراموں کے انعقاد کی ستائش کی۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے کہاکہ صحافت کے ذریعہ اُنھیں سماج کی خدمت کا حوصلہ ملا اور اخبار سیاست نے عوام میں اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ اُنھوں نے میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے صحافیوں کے ٹریننگ پروگرامس کے انعقاد کی ستائش کی اور کہاکہ مختلف زبانوں سے وابستہ صحافیوں کو موجودہ مسابقتی دور میں چیالنجس سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ دینے کی ضرورت ہے۔ سینئر صحافی سدھاکر ریڈی نے میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے صحافیوں کے لئے ڈیجیٹل کلاسیس کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ سابق صدرنشین ڈی امر نے تجویز پیش کی کہ 16 سینئر صحافیوں کے ویڈیوز کو کتابی شکل دی جائے تاکہ صحافیوں کے لئے مدد ملے۔ شرکاء نے صحافت میں آرٹیفیشل انٹلی جنس کے بڑھتے اثر اور ٹیکنالوجی سے دوری کے نتیجہ میں صحافیوں کو درپیش مسائل کا حوالہ دیا۔ اُنھوں نے اکیڈیمی کی جانب سے صحافیوں بالخصوص ڈیسک پر کام کرنے والے صحافیوں کے لئے ٹریننگ کلاسیس کی تجویز پیش کی۔ اکیڈیمی کے صدرنشین نے شرکاء اور سینئر صحافیوں کو نمایاں خدمات پر تہنیت پیش کی۔ اجلاس میں میڈیا اکیڈیمی کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔V/1