ڈی اے وی اسکول کی مسلمہ حیثیت بحال کرنے کی درخواست مسترد

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے بنجارہ ہلز ڈی اے وی اسکول پر اپنے موقف کو پھر ایک بار واضح کردیا ہے اور مسلمہ حیثیت کو بحال کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا ہے ۔ ایل کے جی طالبہ پر جنسی حملہ کے بعد اس اسکول کے خلاف سخت اقدامات کئے گئے ، تاہم بچوں کے والدین نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اسکول کی مسلمہ حیثیت کو برخواست نہ کریں بلکہ کمیٹی کی نگرانی میں اسکول کو جاری رکھا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو جبکہ ریاستی حکومت نے اس اسکول میں زیر تعلیم تمام طلبہ کیلئے دیگر اسکولس میں داخلہ کے انتظامات کا ڈی ای او کو حکم دیا تھا ۔ حکومت اپنے فیصلہ کو حق بجانب مانتی ہے ۔ بچوں کے والدین درمیانی سال دوسرے اسکولس میں طلبہ کے داخلہ سے بے چین ہیں اور حکومت سے ا پنے فیصلہ پر نظرثانی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ اسکول کی جانب سے 5 ویں جماعت تک ہی اجازت حاصل کی گئی ہیں جبکہ 7 ویں جماعت تک کلاسس چلائی جارہی ہیں۔ اس طرح (سی بی ایس ای ) نصاب کی عمل آوری میں بھی کئی خامیاں پائی گئیں۔ ریاستی حکومت کا ماننا ہے کہ ڈی اے وی اسکول کے خلاف سخت کارروائی ‘ لاپرواہی کرنے والے تمام اسکولس کے خلاف سخت پیغام ہے اور ایسے واقعات کے تدارک کیلئے حکومت مزید اقدامات کو انجام دے گی۔