ڈے نائیٹ ٹسٹ میں فاسٹ بولروں کا اہم کردار : کوہلی

   


احمدآباد : احمدآباد کے میدان متیرا میں جیسا کہ امید کی جارہی ہیکہ اسپنرس کا کردار اہم ہوسکتا ہے لیکن ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہیکہ فاسٹ بولروں کا بھی اہم کردار ہوگا۔ انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان کل یہاں رواں سیریز کا تیسرا ٹسٹ ڈے نائیٹ کھیلا جارہا ہے جس میں گلابی گیند استعمال ہوگی۔ چینائی میں منعقدہ ابتدائی دو ٹسٹ مقابلوں میں پہلے انگلینڈ نے اور پھر بعد میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے اور اب سیریز 1-1 سے برابری کے موقف پر ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں کل یہاں پہلی مرتبہ استعمال ہونے والی وکٹ کے متعلق پرامید ہیکہ یہ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ہونے کے علاوہ ٹسٹ کے آخری دنوں میں اسپنرس کیلئے بھی سازگار ہوگی۔ کوہلی سے جب استفسار کیا گیا کہ تیسرے ٹسٹ میں گیند زیادہ سوئینگ نہیں لے گی جس پر کپتان نے کہا ہیکہ جب تک گیند نئی اور چمکدار ہوگی، فاسٹ بولروں کیلئے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ کوہلی نے کہا کہ سرخ گیند کی بنسبت گلابی گیند زیادہ سوئینگ دیتی ہے اور ہم نے 2019ء میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنی سرزمین پر پہلا ڈے نائیٹ کھیلا ہے۔ کوہلی نے اس امکان کو بھی مسترد کردیا ہیکہ اگر وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار رہی تو انگلینڈ کو سبقت حاصل رہے گی۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس بارے میں زیادہ پریشان نہیں ہیں اور حریف ٹیم کی طاقت و کمزوری کیا ہے اس کے برعکس ہم اپنی حکمت عملی پر توجہ مبذول کرچکے ہیں۔ کوہلی نے کہا کہ حریف ٹیم میں متعدد کمزوریاں ہیں اور ہم یقیناً ان کا فائدہ اٹھائیں گے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ اگر وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار رہی تو اس کا ہندوستان کو بھی فائدہ ہوگا۔ کوہلی نے اعتراف کیا ہیکہ ہندوستان کا بولنگ شعبہ ایک طاقتور بولنگ شعبہ ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں اس مقابلہ میں کئی ایک غیرمتوقع چیزوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی جس میں اس وکٹ پر پہلی مرتبہ مقابلہ منعقد ہونا بھی شامل ہے۔