کئی ریاستوں میں ٹڈی دل کا قہر ، فصلیں برباد

,

   

مہاراشٹرا، اترپردیش اور پنجاب کے راجستھان ، گجرات ،مدھیہ پردیش اور ہریانہ متاثر
نئی دہلی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صحرائی ٹڈی دل کے بڑے پیمانے پر امڈ پڑنے سے ہندوستان کی کئی ریاستوں میں فصلیں برباد ہورہی ہیں۔ شمالی، مغربی اور وسطی ہندوستان میں مہاراشٹرا، اترپردیش اور پنجاب کے بعد اب راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش اور ہریانہ بھی متاثر ہورہے ہیں۔ حکومت نے کہا ہیکہ اس نے تقریباً تین دہوں میں ٹڈی دل کے اس بدترین حملہ کے جواب میں بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں۔ چہارشنبہ تک متاثرہ ریاستوں میں زائد از 47,000 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے 303 مقامات پر چھڑکاؤ کیا گیا۔ وزارت زراعت نے بتایا کہ خصوصی مشینوں کا استعمال کیا جارہا ہے اور 11 کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں تاکہ بہتر تال میل کے ساتھ اقدامات انجام دیئے جاسکیں۔ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور وہ ریاستی وزرائے زراعت اور جراثیم کش ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ تین اجلاس منعقد کرچکے ہیں۔ حکومت کیڑوں کو مارنے کیلئے فضائی چھڑکاؤ کے سلسلہ میں ڈرونس کیلئے ٹنڈرس بھی طلب کررہی ہے۔ ٹڈی دل کے حملہ سے ترکاری اور دالوں کے فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔