کابینہ میں توسیع کی قیاس آرائیاں: شیو کمار کی کھرگے سے ملاقات

   

بنگلورو۔ 18 جولائی (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے ہفتہ کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر ملیکارجن کھرگے سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ کابینہ میں ممکنہ توسیع، تنظیمی رد و بدل اور آئندہ شہری بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے کانگریس میں جاری مشاورت کے درمیان اس اعلیٰ سطحی ملاقات کو سیاسی طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کانگریس کی اعلیٰ قیادت حالیہ قانون ساز کونسل انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے بعد کرناٹک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور سال کے آخر میں متوقع بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شیو کمار نے کھرگے کو ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور کانگریس کی تنظیمی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے حکومت اور پارٹی تنظیم کے درمیان بہتر تال میل کے علاوہ نچلی سطح پر پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اس ملاقات کے بعد طویل عرصے سے زیر التوا کابینہ میں توسیع اور رد و بدل سے متعلق قیاس آرائیوں نے بھی زور پکڑ لیا ہے ، کیونکہ کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی وزارت میں شامل کیے جانے کیلئے سرگرم ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی میں تنظیمی تقرریوں اور بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی کے لائحئہ عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ ملیکارجن کھرگے نے حال ہی میں اشارہ دیا تھا کہ کرناٹک کی قیادت اور تنظیمی امور سے متعلق فیصلے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد ہی کیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا تھاکہ کوئی تاریخ طے نہیں ہے ، تمام فیصلے مناسب مشاورت کے بعد اجتماعی طور پر پارٹی ہائی کمان کرے گی۔ دوسری جانب شیو کمار نے بھی مسلسل اندرونی مشاورت پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے ۔ کانگریس قیادت سے ایک سابقہ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھاکہ وقت ہر سوال کا جواب دے گا۔ ہم یہاں حکومتی امور، پارٹی کے کام اور سیاسی معاملات کے لیے آتے ہیں۔ ہفتہ کی ملاقات کے ایجنڈے یا نتائج کے بارے میں نہ تو شیو کمار اور نہ ہی کانگریس نے کوئی سرکاری بیان جاری کیا۔ تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات کرناٹک میں حکمرانی، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی کا مسلسل جائزہ لینے کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔