چندی گڑھ۔ 9 مئی (یو این آئی) آنفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کے روز پنجاب کے صنعت اور بجلی کے وزیرسنجیو اروڑا کے چندی گڑھ میں واقع گھر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ای ڈی کے تقریباً آٹھ گاڑیاں گھر کے باہر کھڑی دیکھی گئیں۔ سنجیو اروڑا کے گھر پر یہ ای ڈی کی تیسری ریڈ ہے ۔ اس سے پہلے 17 اپریل کو بھی ای ڈی نے مبینہ غیر ملکی زرِ مبادلہ کی خلاف ورزی کے معاملے کی تحقیقات کے تحت اروڑا سے منسلک مختلف گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے تھے ۔ یہ کارروائی کھڑڑ کے ویسٹرن ٹاورز میں مبینہ رابطہ ایجنٹ نتن گوہل کے گھر پر ای ڈی کی ریڈ کے بعد سامنے آئی ہے ۔ دوسری طرف اس چھاپے پر ردِعمل دیتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ آج ایک بار پھر بی جے پی کی ای ڈی سنجیو اروڑا کے گھر پہنچی ہے ۔
ایک سال میں یہ تیسری بار اور ایک مہینے میں دوسری بار ایسا ہوا ہے ، لیکن انہیں اب تک کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ای ڈی اور بی جے پی کے اس مبینہ اتحاد کا خاتمہ پنجاب ہی کرے گا۔