کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کے اعلان کے مثبت اثرات

   

صرافہ بازاروں کا حصص مارکٹ اور روپیہ کی قدر میں اضافہ
نئی دہلی۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جمعہ کے دن 10 گرام سونے کے دام میں 38,390 روپیوں پر 170 روپئے کم ہوگئے۔ سونے کے داموں میں کمی دراصل روپئے کی قدر میں استحکام کے سبب ہوئی۔ روپیہ کی قدر میں اضافہ مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارامن کے اس بیان کے بعد ہوا جس میں انہوں نے کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا اعلان کیا تھا۔ چاندی کے نرخ بھی 47,580 روپئے فی کیلوگرام پر 120 روپئے گھٹ گئے حالانکہ جمعرات کے دن چاندی کے دام 47700 روپئے فی کیلو گرام پر مستحکم ہوگئے تھے۔ برموقع روپئے کے لین دین میں جمعہ کے دن روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 40 پیسے مہنگا ہوگیا۔ یہ باتیں ایچ ڈی ایف سی سکیورٹیز کے سینئر تجزیہ نگار نیتن پٹیل نے بتائی۔ مودی حکومت نے دیسی کمپنیوں کے لیے کارپوریٹ ٹیکس کو 25.17 فیصد تک گھٹادیا۔ اس میں ہر طرح کے سیس اور سرچاج شامل ہیں۔ عالمی صرافہ بازار میں نیویارک کی مارکٹ میں سونے کا لین دین 1503 ڈالر فی اونس پر ہوتا رہا اور چاندی کے دام 19.87 ڈالر فی اونس پائے گئے۔ دریں اثنا حصص مارکٹ میں بھاری خریداری دیکھی گئی جبکہ حساس اشاریہ جمعہ کے دن 2284.55 نشانات اضافے کے بعد آسمان سے باتیں کرنے لگا۔