کاشی وشواناتھ مندر میں ڈیوٹی پر موجود پولیس ملازمین کو وردی کے بجائے دوسرا لباس پہننے کی ہدایت

,

   

وارانسی: یو پی کے وارانسی کے کاشی وشواناتھ مندر میں ڈیوٹی پر تعینات پولیس ملازمین کو مندر آنے والے لوگوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے خاکی وردی چھوڑ کر دھوتی کرتا پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہیں نہ صرف دھوتی کرتا پہننا ہوگا بلکہ کندھے پر ایک لمبی شال کے ساتھ ماتھے پر تلک لگانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ مرد پولیس والوں کو پجاریوں سے مشابہت کیلئے دھوتی کرتا اور مذہبی کھنڈوا یعنی دوپٹہ (شال) جبکہ خواتین پولیس اہلکاروں کو شلوار کرتا اور اوڑھنی پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔کاشی وشواناتھ مندر میں ڈیوٹی پر تعینات پولیس والوں کیلئے اب خاکی وردی کے بجائے یہی ان کا ڈریس کوڈ ہوگا۔اس کے علاوہ پولیس ملازمین کو عقیدتمندوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کے طور طریقے سکھانے کیلئے تین روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔