طلبہ اور سرپرست پریشان ، محکمہ تعلیمات کو بھی کئی شکایات وصول
حیدرآباد۔یکم۔فروری(سیاست نیوز) خانگی اور کارپوریٹ کالجس کی جانب سے آمدنی حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جاتا اور اب کورونا وائرس کی وباء کے بعد کالجس کی کشادگی کے فیصلہ کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ کے کارپوریٹ کالجس اور خانگی کالجس کی جانب سے طلبہ کو کلاسس میں شرکت کیلئے کورونا وائرس کی منفی رپورٹ ساتھ رکھنالازمی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کی جانب سے ایسے کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں اور نہ ہی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط میں ایسی کوئی شرط نہیں ہے لیکن خانگی کالجس اور کارپوریٹ کالجس کی جانب سے طلبہ اور عملہ کے تحفظ کے نام پر کورونا وائرس کا آرٹی پی سی آر ٹسٹ لازمی قرار دیا جارہا ہے اور طلبہ سے کہا جا رہاہے کہ اگر وہ کلاسس میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پہلے آرٹی سی پی سی آر ٹسٹ کروانا ہوگا اور منفی رپورٹ کی صورت میں ہی انہیں کالج میں ہونے والی باضابطہ کلاسس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ کالجس کی جانب سے مختلف لیابس کے ساتھ کی جانے والی ان معاملتوں کے بعد اب طلبہ کیلئے ٹسٹ کے لزوم سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کالجس کی جانب سے طلبہ کے تحفظ کے نام پر ان لیباریٹریز کی آمدنی میں اضافہ کیا جانے لگا ہے جن لیباریٹریز میں کورونا وائرس کا معائنہ کرنے کی اجازت فراہم کی گئی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں آج سے کالجس کی کشادگی کے بعد خانگی کالجس اور کارپوریٹ کالجس کی جانب سے عائد کی گئی یہ شرط منظر عام پر آئی ہے اور ریاست کے بعض اضلاع میں لیباریٹریز پر کورونا وائرس کا معائنہ کروانے والے طلبہ کی قطاریں بھی دیکھی گئیں تاکہ باضابطہ شروع ہونے والی کلاسس میں شرکت کی اجازت حاصل ہوسکے۔محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں بھی اس بات کی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بعض کالجس کی جانب سے اس طرح کے شرائط عائد کئے جا رہے ہیں جو کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان شکایات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور اس سلسلہ میں جلد احکامات جاری کرتے ہوئے کالجس کو ایسا نہ
کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ریاستی حکومت کی جانب سے RTPCR ٹسٹ کی قیمتوں میں کمی کئے جانے کے باوجود لیباریٹریز کی جانب سے مسلسل ابتدائی قیمتو ںکی وصولی کی جا رہی ہے اور اس ٹسٹ کی قیمت میں کمی اور کروانے والوں کی تعداد میں ہونے والی گراوٹ کے بعد اب کالجس کی کشادگی کے ساتھ ہی ٹسٹ کروانے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔