کالیشورم پراجکٹ کے نام پر ہزاروں کروڑ کی لوٹ کھسوٹ: بھٹی وکرامارکا

   

افتتاحی تقریب میں جگن کی شرکت کی مخالفت، اپوزیشن کی آواز کچلنے انحراف کی حوصلہ افزائی
حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کے نام پر بڑے پیمانہ پر لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کا آغاز کیا تھا جسے کے سی آر نے کالیشورم کے نام سے ری ڈیزائننگ کرتے ہوئے مالیت کو 28 ہزار کروڑ سے بڑھا کر ایک لاکھ کروڑ تک پہنچادیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ری ڈیزائننگ کے نام پر مالیت میں اضافہ کے ذریعہ کروڑہا روپئے کی لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جگن موہن ریڈی کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہیں تو اپنے والد کی شروع کردہ جلا یگنم اسکیم کی توہین کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے آغاز کے وقت اس کی مالیت 38 ہزار کروڑ مقرر کی گئی تھی۔ متحدہ آندھرا پردیش میں 10 ہزار کروڑ خرچ کئے گئے جبکہ علحدہ تلنگانہ ریاست میں 28 ہزار کروڑ خرچ کرنا تھا۔ اگر اس پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ حاصل ہوتا ہے تو مرکز 95 فیصد رقم ادا کرے گا۔ ایسے پراجکٹ کو کالیشورم کے نام سے تبدیل کرتے ہوئے اس کی مالیت ایک لاکھ کروڑ کی گئی۔ 50 ہزار کروڑ خرچ کئے جاچکے ہیں اس کے باوجود ایک ایکر اراضی کو پانی سیراب نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ 50 ہزار کروڑ کس کی بھلائی پر خرچ کئے جارہے ہیں۔ پراجکٹ میں موٹروں کے ذریعہ پانی کے حصول کیلئے 7000 میگاواٹ برقی کی ضرورت پڑے گی جس کے لئے مزید 40 ہزار کروڑ درکار ہوں گے۔ اس طرح پراجکٹ کی مجموعی مالیت ایک لاکھ 40 ہزار کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 28 ہزار کروڑ کے پراجکٹ کو ری ڈیزائننگ کے ذریعہ کے سی آر نے ایک لاکھ 40 ہزار کروڑ تک پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پراجکٹ کے نام پر ہزاروں کروڑ روپئے کی لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے۔ بھٹی وکراما مارکا نے کہا کہ انہوں نے پراجکٹ کی رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن آج تک نہ صرف پراجکٹ رپورٹ اسمبلی میں پیش کی گئی بلکہ ارکان اسمبلی کو بھی واقف نہیں کرایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے پراجکٹ کے بارے میں سوالات کے خوف سے کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی کو خریدا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نہیں چاہتے کہ اسمبلی میں ان سے سوال کرنے والا کوئی رہے۔ سابق میں بی ایس پی، سی پی آئی، تلگودیشم اور فارورڈ بلاک کے ارکان اسمبلی کو بھی کے سی آر خرید چکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کی بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی اگر افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ انہوں نے اپنے والد راج شیکھر ریڈی کی غلطی کو تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے انحراف کے مسئلہ پر جگن موہن ریڈی کے خیالات کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اسمبلی میں جگن موہن ریڈی نے اس مسئلہ پر اظہار خیال کے ذریعہ دستور اور جمہوریت کے تحفظ کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی انحراف کے خلاف ہیں تو پھر وہ ایسے چیف منسٹر کی دعوت پر کس طرح شرکت کرسکتے ہیں جو انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کے ٹنڈر کو محکمہ آبپاشی کی ویب سائیٹ پر پیش کرنے اور سیتا رام پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ برسر عام کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے ذریعہ چیوڑلہ کو پانی کی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے سبیتا اندراریڈی نے پدیاترا کی تھی لیکن آج وہ علاقہ سے ناانصافی اور پانی سے محرومی پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔