کالیشورم پراجیکٹ کی تکمیل میں اہم پیشرفت

,

   

پانی کی سربراہی کی طاقتور موٹر کی کارکردگی کا آغاز، چیف منسٹر کی انجینئرس کو مبارکباد
حیدرآباد۔24 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اہم آبپاشی پراجیکٹ کالیشورم کی تکمیل کے سلسلہ میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ زیر زمین پانی کو اوپر لانے کے لیے لگائے گئے طاقتور موٹرس میں سے ایک موٹر نے آج کامیابی سے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔ چیف منسٹر کے سکریٹری سمتا سبروال نے پوجا کے بعد موٹر کا بٹن آن کیا۔ یہ پانی نندی میڈارم ذخیرہ آب کو پہنچے گا۔ وہاں سے لکشماپورسرج پول پہنچے گا وہاں سے لفٹ اریگیشن کے ذریعہ مڈمانیر پراجیکٹ پہنچے گا۔ کالیشورم پراجیکٹ کے تحت میڈی گڈا بیریج کے تحت مختلف اضلاع کو 151 ٹی ایم سی گوداوری کا پانی ذخائر آب کو منتقل کرنے کے لیے 82 بھاری موٹرس نصب کیئے گئے ہیں۔ کم از کم 2.66 میگا واٹ سے لے کر 26، 40 ، 106 سے لے کر 139 میگاواٹ کی صلاحیت کے حامل طاقتور ترین موٹرس کا استعمال کیا گیا ہے جو ایشیاء میں اپنی نوعیت کی طاقتور ترین اور منفرد موٹرس ہیں۔ نندی میڈارم پمپ ہائوز میں 124.4 میگا واٹ کی صلاحیت پر مشتمل موٹر استعمال کیا جارہا ہے۔ نندی میڈارم میں نصب کیئے گئے 7 موٹرس میں 4 کی تنصیب کا کام مکمل ہوا اور ان میں سے ایک کے ذریعہ پانی کی نکاسی کا کام آج سے شروع ہوا ہے باقی تین موٹرس کل سے کارکردگی کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے پہلے پمپ کے کامیاب وٹ رن پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انجینئرس، ٹیکنیشنس اور ورکرس کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کالیشورم پراجیکٹ کے ای این سی وینکٹیشورلو سے فون پر بات کرتے ہوئے مبارکباد دی اور مزید کاموں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اسی دوران سابق وزیرآبپاشی ٹی ہریش رائو نے ٹوئٹر پر کالیشورم پراجیکٹ کے پیکیج IV میں پہلے پمپ کی کارکردگی کے آغاز پر انجینئرس کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو بھی مبارکباد دی۔ آج پمپ کی کارکردگی کے آغاز کے وقت چیف منسٹر کے سکریٹری سمتا سبروال کے علاوہ حکومت کے مشیر پینٹاریڈی، ای این سی کالیشورم این وینکٹیشورلو، ای این سی کریم نگر پراجیکٹ انیل کمار، او ایس ڈی برائے چیف منسٹر سریدھر رائو دیشپانڈے، ڈائرکٹر ٹرانسکو سوریا پرکاش، ای ڈی ٹرانسکو پربھاکر رائو، چیف انجینئر ایس نرسمہا رائو، سپرنٹنڈینٹ انجینئر کالیشورم سدھاکر ریڈی، ایگزیکٹیو انجینئر کالیشورم این سریدھر کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی توقع ہے کہ کل جمعرات کو دوسرے پمپ کی کارکردگی کا افتتاح انجام دیں گے۔