ایس ایل وی سی سرنگ سے 2 نعشیں برآمد، بچاؤ کام ایک ماہ سے جاری: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے سری سیلم لفٹ بینک کنال کی سرنگ میں چھت کے منہدم ہوجانے کے واقعہ میں جاری امدادی کاموں پر تلنگانہ اسمبلی میں اہم بیان دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومت کی 11 ٹیمیں بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں اور گذشتہ ایک ماہ سے جاری مہم میں دو ورکرس کی نعشیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی 6 ورکرس کی نعشوں کو ملبہ سے نکالنے کیلئے راحت اور صفائی کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 34 دن سے مختلف ٹیمیں سرنگ میں ملبہ کی صفائی کے کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ D1 اور D2 علاقوں میں کیچڑ اور پانی کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سرنگ کا چھت منہدم ہونے کے بعد سے مرکزی اور ریاستی حکومت کے ادارے این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف، سنگارینی مائنس، ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے علاوہ فوج اور بحریہ کی ٹیمیں دن رات بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملبہ کی صفائی کا کام مکمل ہونے کے بعد سری سیلم لفٹ بنک کنال کے علاوہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹس کو مکمل کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں کانگریس حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب تمیڈی ہٹی پراجکٹ کے کاموں کا آغاز ہوگا۔ کالیشورم پراجکٹ میں نقائص کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر آبپاشی نے کہا کہ پراجکٹ کے بارے میں ویجلینس رپورٹ حکومت کو موصول ہوئی ہے۔ پراجکٹ کے ڈی پی آر یعنی تفصیلی پراجکٹ رپورٹ اور حقیقی تعمیر میں کافی فرق پایا گیا ہے۔ حکومت اس سلسلہ میں نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔ اتھاریٹی کے ماہرین نے کالیشورم اور اس کے تحت بیاریجس کا جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر جل شکتی چندر کانت رگھوناتھ پاٹل سے ملاقات کرتے ہوئے ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی رپورٹ جلد روانہ کرنے کی درخواست کی گئی۔ کالیشورم کے بارے میں عدالتی تحقیقات جاری ہیں اور رپورٹ کی بنیاد پر حکومت نقائص کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔1