کاماریڈی میں بی آر ایس کا حکومت کیخلاف احتجاج

   

کاما ریڈی ۔ 2ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس حکومت کے 1000 روزہ دور اقتدار میں عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں پر عمل نہ کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی آر ایس پارٹی کی جانب سے احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا۔ احتجاجی پروگرام میں سابق رکن اسمبلی گمپا گووردھن، ضلع بی آر ایس صدر محمد خواجہ مجیب الدین کے علاوہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بلند کئے اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر بی آر ایس قائدین نے کانگریس حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں حکومت ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے معاملے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کررہی ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قائدین نے کہا کہ کانگریس حکومت کے 1000 دن مکمل ہونے کے باوجود انتخابی وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ مکمل طور پر نافذ نہیں کیا گیا اور عوام کو مسلسل مشکلات میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حکومت کی جانب سے دی گئی صحت سے متعلق ضمانتوں اور دیگر وعدوں کی حقیقت سے واقف کرانے کے لئے بی آر ایس کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ احتجاج میں قائدین اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل اور انتخابی وعدوں پر فوری عمل آوری کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے بھاری بندوبست کیا گیا تھا۔