میزبانوں کی دوسری اننگز 234/7d میں شریاس کے 65 اور وکٹ کیپر ساہا کے 61* نمایاں ۔ 284 کے ٹارگٹ پر کیویز 4/1
کانپور: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ محض 51 رن پر گنوانے کے باوجود ہندوستان نے سنبھالتے ہوئے کھیلتے ہوئے اتوار کے روز چوتھے دن سات وکٹ پر 234 رن بناکر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اور مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 284 رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک وکٹ گنوا کر چار رن بنالئے تھے ۔ گرین پارک گراؤنڈ میں ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 345 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 296 رنز پر سمٹ گئی۔ پہلی اننگز میں 49 رنز کی اہم برتری حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے آج دوسری اننگز سات وکٹ پر 234 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ آج مہمان ٹیم کی دوسری اننگز کے صرف چار اوورز میں روی چندرن اشون نے سلامی بلے باز ول ینگ کو محض دو ررن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنا شکار بنایا۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت ٹام لاتھم (2) اور نائٹ واچ مین کے کردار میں ویلیم سومرول بغیر کسی رن کے کریز پر موجود تھے ۔ اس سے قبل، دوسری اننگز میں ہندوستانی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور میں ایک وکٹ پر 14 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور لنچ تک ایک کے بعد ایک چار وکٹیں گنوائیں۔ لنچ پر ہندوستان کا اسکور پانچ وکٹ پر صرف 84 رن تھا۔ لنچ کے وقت پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شریاس ایئر (18) اور روی چندرن اشون 20 رن کر کریز پر جمے ہوئے تھے ۔ لنچ کے بعد شریاس اور اشون کی جوڑی نے سنبھال کر کھیلتے ہوئے نصف سنچری شراکت کی لیکن اس بیچ اشون 32 رن کے نجی اسکور پر کائل جمیسن کا شکار بنے ۔ بعد میں شریاس اور نئے بلے باز وردھیمان ساہا (61 ناٹ آؤٹ) نے کھیلنا شروع کا اور شریاس نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65 رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔ پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری میں نصف بنانے والے شریاس پہلے ہندوستانی ٹسٹ بلے باز بنے ۔ وہ ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر بلینڈل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ شریاس نے 125 گیندوں پر 65 رنز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شریاس کے آؤٹ ہونے کے وقت ہندوستان کا اسکور سات وکٹوں پر 167 رنز تھا اور ہندوستانی اننگز کے جلد ہی ختم ہونے کی امید تھی لیکن زخمی ساہا نے اکشر پٹیل (28 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ کیوی گیند بازوں کے سامنے بہادری سے مقابلہ کیا اور ٹیم کو قابل دفاع اسکور تک پہنچایا۔ میدان پر کم روشنی کے درمیان ٹیم انڈیا کے کپتان اجنکیا رہانے نے اننگز کے 81 ویں اوور کے بعد اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔ ساہا126 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ یہ ان کی چھٹی نصف سنچری تھی۔ پٹیل نے 67 گیندوں میں 28 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کو آج پہلی کامیابی چیتشور پجارا (22) کی وکٹ کی شکل میں ملی جو کائل جمیسن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے ۔ اننگز کے 15ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے نئے بلے باز کپتان اجنکیا رہانے کو صرف چار رن کے ا سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ہندوستان کی امیدوں کو جھٹکہ دیا۔ شائقین کو پجارا اور رہانے سے بہت امیدیں تھیں، جو میچ سے پہلے آؤٹ آف فارم تھے ، لیکن اب انہیں اس کیلئے اگلے میچ کا انتظار کرنا پڑے گا۔ ہندوستان کی دوسری اننگز ابھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ ٹم ساؤتھی نے میانک اگروال (17) کو ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ کرا کر چوتھا جھٹکا دیا جب کہ نئے بلے باز رویندر جڈیجا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے جڈیجہ دوسری اننگز میں کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے اور صرف دو گیند کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے ۔