کانگریس انتخابی منشور 17 ستمبر کو جاری ہوگا : ریونت ریڈی

   

پارٹی کی کامیابی سونیا گاندھی کو سالگرہ کا تحفہ، دھرانی پورٹل کو برخواست کرنے کے عزم کا اعادہ
حیدرآباد9 جون (سیاست نیوز)صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی سونیا گاندھی کو سالگرہ کے تحفہ کے طور پر پیش کی جائیگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس کا انتخابی منشور 17 ستمبر کو جاری کیا جائیگا۔ انہوں نے کانگریس و بی آر ایس دور حکومت میں ترقی کے بارے میں کے ٹی آر کے مباحث کے چیلنج کو قبول کرکے وقت اور تاریخ کے اعلان کا مطالبہ کیا۔ انڈین یوتھ کانگریس کی قومی عاملہ کے اجلاس سے خطاب میں ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کے خلاف لڑائی میں کامیابی کیلئے نوجوانوں کا اہم رول ہے اور انہیں جدوجہد میں آگے رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر ریاست میں کانگریس کی نئی حکومت تشکیل پائے گی جو سونیا گاندھی کو سالگرہ کا تحفہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سقوط حیدرآباد کے موقع پر 17 ستمبر کو کانگریس کا انتخابی منشور جاری کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو کانگریس سرکاری سطح پر سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب منائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح عوامی مسائل کے ساتھ ووٹرس سے رجوع ہوتے ہوئے کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2024 ء میں کانگریس مرکز میں برسر اقتدار آئیگی اور راہول گاندھی وزیر اعظم ہوں گے۔ انہوں نے یوتھ کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کارکن عوام کے درمیان رہیں گے انہیں پارٹی میں اہم عہدے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سینئر قائدین یوتھ کانگریس سے ترقی کی منزلیں طئے کرچکے ہیں۔ بی آر ایس حکومت پر دھرانی پورٹل میں بے قاعدگیوں کے لئے تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بعض زمینداروں اور صنعت کاروں کی مدد کیلئے دھرانی پورٹل متعارف کیاگیا ہے جس کے نتیجہ میں اراضی تنازعات میں اضافہ ہوا۔ کانگریس پارٹی برسر اقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کو منسوخ کردے گی۔ غریبوں کی اراضی پر قبضہ کرنے کیلئے دھرانی پورٹل کا سہارا لیا جارہا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے سلسلہ میں کانگریس حکومت کے سی آر اور کے ٹی آر کو جیل بھیجے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2004 ء تا 2014 ء اور پھر 2014 ء سے آج تک تلنگانہ کی ترقی کے بارے میں مباحث کے چیلنج کو وہ قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا کے ٹی آر یا ہریش راؤ مباحث کے لئے تیار ہیں۔ ہم اس بات کو ثابت کریں گے کہ کانگریس دور حکومت میں حقیقی معنوں میں ترقی ہوئی ہے۔ر