حیدرآباد۔/11 فروری، ( سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت عوام سے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس نے اقتدار کے 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 13 مختلف وعدے شامل ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت وعدوں کی عدم تکمیل کے بہانے تلاش کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کے تحت شادی مبارک، کلیانہ لکشمی اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے منظورہ چیکس استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ آسرا پنشن کو برسراقتدار آتے ہی 4 ہزار روپئے کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے امداد کا وعدہ کیا گیا۔ دو ماہ گذرنے کے باوجود آج تک دونوں وعدے پورے نہیں ہوئے۔ ضعیفوں اور مستحق افراد کو آسرا پنشن اضافی رقم کے ساتھ جاری کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آتے ہی برقی کٹوتی کا آغاز ہوچکا ہے۔1