الور: راجستھان میں ضلع الور کے رام گڑھ اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے رکن اسمبلی زبیر خان کا ہفتہ کی صبح انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً 61 برس تھی۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے علیل تھے۔ انہوں نے ڈھائی پیڈی میں واقع اپنے فارم ہاؤس میں صبح 5.50 بجے آخری سانسیں لیں۔ ان کی اہلیہ صفیہ زبیر ایم ایل اے رہ چکی ہیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ زبیر خان پہلی بار 1990 میں کانگریس کے امیدوار کے طور پر رام گڑھ سے ایم ایل اے منتخب ہوکر قانون ساز اسمبلی پہنچے تھے۔ وہ 1993، 2003 اور 2023 میں بھی ایم ایل اے بنے۔ ان کی اہلیہ صفیہ زبیر بھی سال 2018 میں ایم ایل اے منتخب ہوئیں۔ مرحوم زبیر خان یوتھ کانگریس کے قومی ورکنگ صدر اور کانگریس کے ضلع صدر بھی رہ چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے ان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ زبیر خان کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میری تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔