بھونگیر میں ترقیاتی پراجکٹس کے لئے وزیر اعظم سے نمائندگی
حیدرآباد 16ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ بی جے پی میں شمولیت کے افواہوں کے دوران وزیراعظم سے یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے تقریباً 25 منٹ تک وزیراعظم سے اپنے حلقہ بھونگیر میں ترقیاتی پراجکٹس کے بارے میں بات چیت کی ۔ بعد میں وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ مختلف ترقیاتی کاموں اور خاص طور پر موسی پراجکٹ اور حیدرآباد تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر 6 لائین کی سڑک کی تعمیر کے بارے میں نمائندگی کی گئی۔ وزیراعظم نے ان کاموں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دینے کا تیقن دیا۔ وینکٹ ریڈی کے مطابق سیاسی امور پر کوئی بات چیت نہیںہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل وہ سیاسی امور پر اظہار خیال کریں گے۔ لوک سبھا یا اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت وہ سیاسی امور پر کچھ نہیں کہیں گے بلکہ الیکشن سے ایک ماہ قبل اظہار خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے جن امور پر بات چیت ہوئی ہے ، ان میں بعض کا وہ انکشاف نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کی عاملہ میں جگہ نہ ملنے کا انہیں کوئی دکھ نہیں ہے ۔ میں نے تلنگانہ کیلئے استعفی دیا اور وزارت کو چھوڑ دیا تھا، لہذا پارٹی عہدوں سے کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے۔ موسی پراجکٹ کو بھونگیر تک توسیع دینے کی وزیراعظم سے درخواست کی گئی۔ جی ایم آر کی جانب سے 6 لائین کی سڑک کی تعمیر میں تساہل کے سبب حیدرآباد۔وجئے واڑہ سڑک پر حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے جب سوال کیا کہ کیا تلنگانہ کے بجٹ میں یہ پراجکٹ شامل ہیں تو وینکٹ ریڈی نے کہا کہ صورتحال سے مجھ سے زیادہ آپ بہتر واقف ہیں۔ ر