کانگریس حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبارہی ہے : ہریش راؤ

   

حیدرآباد 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ کانگریس حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبارہی ہے۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ اپوزیشن کو ریاستی اسمبلی میں ان کا احتجاج درج کروانے کا موقع نہیں دیا گیا۔ کل اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے یہ دعویٰ کیاکہ کانگریس نے ’’جمہوریت کا قتل‘‘ کیا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسمبلی میں سچائی سے بعید بات کی ہے اور عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔ ہریش راؤ نے کہاکہ ریونت ریڈی کو تلنگانہ تحریک کے بارے میں بات کرنے کا حق نہیں ہے۔ بی آر ایس کے کئی قائدین کو علیحدہ تلنگانہ ایجی ٹیشن کے دوران درج کئے گئے مقدمات کا ہنوز سامنا ہے۔ ریونت ریڈی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بی آر ایس حکومت کی کاوشوں کے باعث ہی ریاست زرعی شعبہ میں ملک میں دوسرے مقام پر ہے۔ انھوں نے کہاکہ ’’سابق کانگریس حکومت نے ہر سال صرف 24 لاکھ ٹن دھان کی خریدی کی تھی لیکن بی آر ایس حکومت نے 1.20 کروڑ ٹن دھان کی خریدی کی۔ ہریش راؤ نے کہاکہ بی آر ایس حکومت میں ریاست میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں کمی ہوئی۔