کانگریس قائدین اور کارکنوں کو کورونا سے چوکسی کا مشورہ،واقعات میں تیزی سے اضافہ: بھٹی وکرامارکا

   

حیدرآباد ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے واقعات میں تیزی سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے سخت چوکسی اختیار کریں۔ انہوں نے کورونا سے متاثر کانگریس قائدین جی نارائن ریڈی اور وی ہنمنت راؤ کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کارکنوں اور عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال سنگین ہوچکی ہے اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں روزانہ بڑی تعداد میں پازیٹیو کیسس کا منظر عام پر آنا عوامی صحت کے اعتبار سے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو وائرس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور اپنی ذمہ داری کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ایسے وقت جبکہ حکومت نے اپنے ہاتھ اُٹھالئے ہیں کانگریس قائدین و کارکنوں اور عوام کو چاہیئے کہ وہ حفاظت خود اختیاری کے تحت ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کے جاری کردہ گائیڈ لائنس پر عمل کریں۔