کانگریس قائدین مجالس مقامی انتخابات کیلئے سرگرم ہوجائیں: پونم پربھاکر

   

حیدرآباد۔15 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات کے لیے ابھی سے تیار ہوجائیں۔ پونم پربھاکر نے ضلع کے قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں مقامی قائدین نے میرے لیے کام کیا تھا۔ لیکن مجالس مقامی کے انتخابات میں میں آپ کے لیے کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ ضلع پریشد پر کانگریس کا قبضہ ہوگا بشرطیکہ قائدین محنت اور جستجو سے کام کریں۔ سرسلہ ضلع کے قائدین کو پونم پربھاکر نے مشورہ دیا کہ وہ منڈل سطح پر مشاورت کے ذریعہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں۔ 20 اپریل تک ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی جائے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مقامی سطح پر سرگرم قائدین کو امیدوار بنایا جائے تاکہ وہ عوام کی بہتر طور پر خدمت کرسکیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ 40 سال سے کم عمر کے قائدین کو ترجیح دی جائے۔ اگر ایک سے زائد قائدین ٹکٹ کے دعویدار ہوں تو ضلع کانگریس صدر لوک سبھا اور اسمبلی کے پارٹی امیدواروں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے نام کو قطعیت دیں۔ امیدواروں کے انتخاب کے بعد ان سے حلف نامہ حاصل کیا جائے کہ وہ کامیاب ہونے کے بعد پارٹی سے انحراف نہیں کریںگے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ امیدواروں کے ناموں کا جلد اعلان کردیا جائے گا تاکہ وہ انتخابی مہم میں مصروف ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح پر مبصرین کا تقرر کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے حق میں لہر ہے جس کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت جلد بازی میں انتخابات منعقد کرتے ہوئے اپوزیشن کو شکست سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔