کانگریس لیجسلیچر پارٹی قائدکے انتخاب پر راہول گاندھی سے اظہارتشکر : ملو بٹی وکرامارک

   

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر آپریشن اکریشن کے نام مائنڈ گیم کھیلنے کا الزام

حیدرآباد ۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) ملوبٹی ورکرامارک نے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا قائد نامزد کرنے پر کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی سے اظہارتشکر کیا۔ گورنر کے خطبہ میں کوئی نئی بات نہ ہونے کا طنز کیا۔ آپریشن اکریشن کے نام پر مائنڈ گیم کھیلنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ آج سے ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سابق وزراء محمد علی شبیر اور ڈی سریدھر بابو بھی موجود تھے۔ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی میں زیادہ سے زیادہ عوامی مسائل کو موضوع بحث بنائیں گے۔ حکومت نے تلنگانہ کے عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے کانگریس کی جانب سے حکومت پر زبردست دباؤ بنایا جائے گا۔ ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ گورنر کے خطبہ میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ماضی میں کئے گئے وعدوں کو دوبارہ دہرایا گیا۔ گورنر کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کے بارے میں حقائق پیش کیا جاتا تو کانگریس کی جانب سے اس کا خیرمقدم کیا جاتا تھا۔ آسرا پنشن اور بیروزگاری بھتہ کے بارے میں گورنر کے خطبہ میں کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ عوامی جلسہ میں خطاب کی جانے والی تقریر گورنر نے اسمبلی میں کی ہے وہ امید کرتے ہیں کہ ایوان اسمبلی کی کارروائی قاعدے قانون کے لحاظ سے چلائی جائے گی۔ حکمراں جماعت اپوزیشن جماعت سے مستحکم رہنے کی خواہش کریں۔ قائد کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے تعلق سے حکمراں جماعت مائنڈ گیم کھیل رہی ہے۔ وہ نہیں سمجھتے کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی آپریشن اکریشن کا شکار ہوں گے۔ کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی متحد ہیں اور کوئی بھی رکن اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل نہیں ہوگا۔ ٹی آر ایس کی جانب سے کانگریس کے ارکان اسمبلی کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جارہی ہے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ گورنر کے خطبہ میں فاضل برقی کے معاملے میں جھوٹ پیش کیا گیا ہے۔ سابق حکومت کی جانب سے غلطیاں کرنے کا دعویٰ معنیٰ خیز ہے۔ ملک میں آج جو فاضل برقی ہے وہ کانگریس کی بدولت ہے۔ کانگریس کے دورحکومت میں جو اصلاحات لائے گئے تھے اس کی وجہ سے فاضل برقی دستیاب ہے۔