کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا 17دسمبر کو دورۂ امیٹھی

   

لکھنؤ: کانگریس لیڈر وامیٹھی کے سابق رکن پارلیمان راہول گاندھی اپنے دو روزہ دورے پر 17دسمبر کو امیٹھی پہنچیں گے ۔ ان کے ساتھ ان کی بہن و اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا بھی ہونگی۔ موصول اطلاع کے مطابق کانگریس لیڈر 17دسمبر کو امیٹھی پہنچیں گے ۔کانگریس لیڈر اپنے سابقہ پارلیمانی حلقے کا تقریبا ڈھائی سال بعد دورہ کررہے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے سال 2019 میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے ایک ہفتے بعد امیٹھی کا دورہ کیا تھا۔اپنے اس دورے کے دوران بھائی ۔بہن کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقے رائے بریلی کا بھی دورہ کریں گے ۔ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس لیڈران کافی سرگرم ہیں ۔ راہول وپرینکا کا ایک ساتھ دورہ اسی کی ایک کڑی تصور کی جارہی ہے ۔ انتخابات کے پیش نظر پرینکا گاندھی کافی سرگرم ہیں اور یوپی کا لگاتار دورہ کرتے ہوئے حکمراں جماعت کو سوالات کے گھیرے میں کھڑا کرتی ہیں۔ پرینکا نے حال ہی میں خواتین کا علیحدہ انتخابی منشور جاری کیا ہے ۔ پرینکا گاندھی اترپردیش میں کانگریس کی سوکھی جڑوں کی آبیاری کے لئے کوشاں ہیں۔