کانگریس وار روم پر پولیس دھاوے کیخلاف ریاست گیر احتجاج

   

پرگتی بھون کے گھیراؤ کی کوشش ناکام، پولیس کمانڈ کنٹرول کے گھیراؤ کی کوشش

حیدرآباد ۔14 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز میں واقع کانگریس وار روم پر سائبر کرائم پولیس کی کارروائی کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ریاست گیر احتجاج منظم کیا ۔ کانگریس کے حکمت عملی ساز کے سنیل کے دفتر پر کل رات سائبر کرائم پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے کمپیوٹرس کو ضبط کرلیا۔ سوشیل میڈیا میں حکومت کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ پر یہ کارروائی کی گئی۔ کانگریس نے کل رات سے پولیس کارروائی کے خلاف احتجاج کا آغاز کردیا تھا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی اپیل پر آج ریاست بھر میں دھرنے منظم کئے گئے اور چیف منسٹر کے سی آر کے علامتی پتلے جلائے گئے۔ حیدرآباد میں گاندھی بھون کے احاطہ میں سینکڑوں کارکنوں نے احتجاج منظم کیا۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی ، نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن اور دیگر قائدین نے احتجاج کی قیادت کی۔ گاندھی بھون میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب کانگریس کارکن پرگتی بھون کے گھیراؤ کے لئے جانا چاہتے تھے، پولیس نے گاندھی بھون کے گیٹس کو بند کرتے ہوئے کارکنوں کو روک دیا۔ اس موقع پر پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ کارکنوں نے چیف منسٹر ، ریاستی حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ پرگتی بھون کے گھیراؤ کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا۔ مہیلا کانگریس ، یوتھ کانگریس ، سٹی کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنوں نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔ پولیس نے گاندھی بھون کے روبرو کئی قائدین کو حراست میں لے لیا ۔ کانگریس کارکنوں نے بنجارہ ہلز میں واقع پولیس کمانڈ کنٹرول کے روبرو احتجاج کیا اور گھیراؤ کی کوشش کی ۔ احتجاجیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ کانگریس قائدین کو ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ۔ر
ریاست کے تقریباً تمام اضلاع میں کانگریس کارکنوں نے احتجاج منظم کرتے ہوئے پولیس کارروائی کی مذمت کی ۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ کی قیادت میں گاندھی بھون کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ پارٹی کے سینئر قائد ایس کے افضل الدین اور دیگر قائدین نے دھرنے میں شریک ہوئے۔ احتجاجیوں نے سنیل کے خلاف مقدمات سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ کل رات وار روم کے خلاف کارروائی پر احتجاج کرنے والے سینئر قائدین محمد علی شبیر اور ملو روی کو حراست میں لیا گیا تھا۔ر