راہول گاندھی کی رکنیت ختم کرنے کی مذمت، تمام اسمبلی حلقوں میں احتجاج کا منصوبہ
حیدرآباد۔27۔مارچ (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے اور آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دینے سے متعلق پارلیمنٹ کے فیصلہ کے خلاف کانگریس نے آج حیدرآباد میں سنکلپ ستیہ گرہ کا اہتمام کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے گریٹر حیدرآباد کے تمام اسمبلی حلقوں میں سنکلپ ستیہ گرہ کے اہتمام کی ہدایت دی ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کے موسیٰ رام باغ میں آج سنکلپ ستیہ گرہ کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے کی ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو ، نائب صدر جی نرنجن ، ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق وزیر پشپا لیلا ، نائب صدر سی ایچ کرن کمار ریڈی ، جنرل سکریٹری عظمیٰ شاکر ، سابق کارپوریٹر سی سرینواس کے علاوہ اقلیتی قائدین مجیب اللہ شریف ایڈوکیٹ ، محمد اشفاق ، مرزی عسکر علی بیگ ، شہباز خاں ، عامر اسلم شریف ، صادق بن مسفیر، محمد ودود اور جنرل سکریٹری محمد فیروز خاں نے شرکت کی ۔ مقامی کانگریس قائدین کنہیا لال ، دنیش کمار اور ملک پیٹ اسمبلی حلقہ کے تمام بلدی ڈیویژنس سے تعلق رکھنے والے قائدین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ جدوجہد آزادی کی طرح ملک میں بی جے پی کے خلاف ستیہ گرہ کا آغاز ہوچکا ہے۔ نریندر مودی کی ڈکٹیٹرشپ اور آمریت کے خلاف عوامی سطح پر ملک بھر میں احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ انجن کمار یاد نے کہا کہ مودی اور اڈانی کے روابط پر لوک سبھا میں راہول گاندھی کے سوالات سے خوفزدہ ہوکر ان کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس طرح کے فیصلوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی اور عوامی سطح پر مقابلہ کیا جائے گا ۔ جی نرنجن نے کہا کہ مودی حکومت کے فیصلہ سے اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ مودی حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں متحدہ طور پر مہم چلائیں گی۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں سنکلپ ستیہ گرہ کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ ر