نئی دہلی : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ ترین عہدے پر فائز شخص کو ملک کی روایات کا احترام کرنا چاہیے اور عہدے کے وقار کا خیال رکھنا چاہیے اور سیاسی فائدے کیللے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے ۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کو جھوٹ کا سہارا نہیں لینا چاہئے اور جھوٹ بول کر سیاسی فائدے کیلئے کانگریس کو کٹہرے میں نہیں کھڑا کرنا چاہئے ۔ ہندوستان کی روایت سچائی پر مبنی ہے اور مودی کو چاہئے کہ وہ جھوٹ کا سہارا لے کر کانگریس کو بدنام نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کہا کرتے تھے ، ‘سچائی ہی خدا ہے ۔ ۔ سچائی کو قائم کرنے والے یہ نظریات ہمیشہ ہندوستان کی تحریک آزادی، ہندوستان کی تعمیر نو اور عوامی زندگی کے آئیڈیل بنے ۔ سچائی ملک کی ہزاروں سال کی ثقافت کی بنیاد رہی ہے اور ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز شخص کو جھوٹ کا سہارا نہیں لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کانگریس پرجو الزامات عائد کئے ہیں، وہ سچائی سے بالاتر ہیں۔ کانگریس نے جس ریاست میں عوام سے جو وعدے کئے ، اگلا الیکشن آنے کا انتظار کئے بغیر حکومت بنتے ہی انہیں پوراکرنے کا کام شروع کیا ہے ۔ چاہے کرناٹک ہو، تلنگانہ ہو یا ہماچل پردیش، کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں عوام کا پیسہ ہر روز گارنٹی کے ذریعے لوگوں کی جیبوں میں ڈالا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم سمجھ گئے ہیں کہ ملک کے عوام کے سامنے اب ان کی باتوں کی کوئی قیمت نہیں رہ گئی ہے ۔ حال میں ‘100 دن کی یوجنا’، ‘2047 کے روڈ میپ کیلئے 20 لاکھ لوگوں کی رائے لینا’، ‘ہر سال دو کروڑ نوکریاں’، ‘100 اسمارٹ سٹیز’، ‘کالا دھن واپس لانا’، ‘مہنگائی اور بے روزگاری کو کم کرنا’، کسانوں کی آمدنی ‘دوگنا کرنا’، ‘روپے کو ڈالر کے برابر لانا’ اور ‘اچھے دن لانا’، یہ ایسے وعدے تھے جو جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں اور اب ملک کے عوام کو ان وعدوں پر کوئی بھروسہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 140 کروڑ ہندوستانیوں کے سامنے بار بار کھوکھلے وعدے کرکے ملک کے اعلیٰ ترین اور قابل احترام عہدے کے وقار کو تباہ کیا ہے ۔ انہیں کانگریس کی فکر کی بجائے سچائی کا سہارا لے کر اپنے عہدے کے وقار کو بحال کرنے پر کام کرنا چاہئے ۔