کانگریس کا ’مودی کی گیارنٹی‘پر سوال اٹھانا حیران کن :مودی

,

   

اپوزیشن لیڈر کھرگے نے اپنی تقریر کے ذریعہ مجھ پر ظلم ڈھایا، راجیہ سبھا میں بحث پر وزیراعظم کا جواب

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو کانگریس پر چوطرفہ حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت پر حملہ کرنے والی اور اپنے مفاد میں ملک میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو بڑھاوا دینے والی کانگریس کی سوچ پرانی ہوچکی ہے اور حیرانی کی بات یہ ہیکہ صرف دس برسوں میں ملک کو پانچویں بڑی معیشت بنانے کی مودی کی گیارنٹی پر وہ سوال اٹھا رہی ہے ۔ راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطبے پر تحریک شکریہ پر بحث کا جواب دیتے ہوئے مودی نے آج راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اپنی دیڑھ گھنٹے کی تقریر میں کھرگے نے ان پر ظلم ڈھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس بات سے حیران ہیں کہ ملک پر اتنے طویل عرصہ تک اپنے اقتدار کے دوران جمہوریت کو تباہ کرنے والی کانگریس کے لیڈر ایسا سبق کیسے پڑھاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھرگے نے لوک سبھا انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کو ‘400 سیٹوں کا آشرواد دیا ہے اور اس کے لئے وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ یہ دعا بھی کرتے ہیں کہ کانگریس لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے مغربی بنگال سے چیلنج پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے اور 40 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرے ۔ مودی نے کہا کہ کھرگے کی اس دن کی تقریر سن کر ہمارا یہ یقین پختہ ہو گیا ہے کہ کانگریس پارٹی کی سوچ بھی پرانی ہو چکی ہے اور اس نے اپنا کام بھی آؤٹ سورس کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر اتنے لمبے عرصے تک حکومت کرنے والی پارٹی کا اتنا زوال دیکھ کر ہمیں دکھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو توڑنے کیلئے نئے موضوعات گڑھے ہیں اور اب شمال اور جنوب کو توڑنے کے بیانات دیئے جارہے ہیں اور اب یہ پارٹی ہمیں جمہوریت اور آئیڈیل ازم کا درس دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے مفاد میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو پنپنے دیا، نکسل ازم کو چیلنج بننے دیا، دشمنوں کو بڑی زمین سونپی، فوج کی جدید کاری کو روکا۔ مودی نے کہا کہ ملک میں نیشنلائزیشن اور پرائیویٹائزیشن میں الجھی رہنے والی کانگریس دس برسوں میں ملک کی معیشت کو 12ویں سے 11ویں نمبر پر لے آئی جب کہ دس برسوں میں ملک کی معیشت کو پانچویں نمبر پر لانے والی مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کانگریس درس دے رہی ہے ۔