ریونت ریڈی کی پدیاترا روکنے کی کوشش، سابق رکن اسمبلی انیل کے جوابی الزامات
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائدین کی جانب سے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو نشانہ بنانے کے بعد ریونت ریڈی کے حامیوں نے جوابی حملہ کیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی ای انیل نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی اور دیگر سینئر قائدین پر ریونت ریڈی قیادت کو کمزور کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو نقصان پہنچانے والے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے اتم کمار ریڈی کے روابط باعث حیرت ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کانگریس قائدین کے اجلاس کے وقت وینکٹ ریڈی کا فون پر اتم کمار ریڈی سے بات کرنا باعث حیرت ہے۔ وینکٹ ریڈی نے ناراض قائدین کے فیصلہ کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے۔ انیل نے کہا کہ منوگوڑ کے حالیہ ضمنی چناؤ میں وینکٹ ریڈی اور اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ لوگ اتم کمار ریڈی سے اس لئے خوفزدہ ہیں کہ وہ دہلی میں ہائی کمان کے پاس کچھ بھی شکایت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو عوام سے قریب ہونے سے روکنے کی سازش کی جارہی ہے۔ مخالف سرگرمیوں کے ذریعہ کانگریس پدیاترا کو روکنے کی کوشش ہے تاکہ ریونت ریڈی عوام کے درمیان نہ جاسکیں۔ انہوں نے سینئر قائدین سے سوال کیا کہ انہیں ریونت ریڈی سے آخر کیا تکلیف ہے۔ انیل نے کہا کہ کانگریس کی پدیاترا کو کوئی بھی روک نہیں پائے گا۔ پدیاترا سے سینئر قائدین کو کیا رکاوٹ ہوسکتی ہے۔دیگر پارٹیوں کے قائدین سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کانگریس کے سینئر قائدین رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کس کو کتنا فائدہ ہوا اس بارے میں ثبوت موجود ہے۔ گذشتہ انتخابات میں کس کو کتنی رقم دی گئی، کیا اتم کمار ریڈی اس کی وضاحت کریں گے۔ فنڈز کے بارے میں تفصیلات طلب کرنے پر اتم کمار ریڈی نے پارٹی خازن نارائن ریڈی کو بی جے پی میں بھیج دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ٹی آر ایس امیدوار کوشک ریڈی کو اتم کمار ریڈی نے کتنے کروڑ فراہم کئے اس کی تفصیلات عوام میں پیش کی جائیں۔ کوشک ریڈی کو ٹی آر ایس میں بھیج کر ایم ایل سی بنانے والے اتم کمار ریڈی ہیں۔ کوورٹ کا کام کرنے پر ٹی آر ایس نے کوشک ریڈی کو ایم ایل سی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر قائدین کی سازش کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو نقصان ہوا ۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سینئر قائدین کی سازش کا شکار نہ ہوں۔ر