کانگریس کی اُدے پور کے انتخابی منشور کو نافذ کرنے کی حکمت عملی

   

منشور پر عمل آوری کیلئے یکم اور 2 جون کو پورے ملک میں ریاستی سطح کے کیمپ کا انعقاد
نئی دہلی: کانگریس کے اُدے پور منشور کو نافذ کرنے کے لئے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے درمیان گزشتہ دو دنوں سے غوروخوض چل رہا ہے ، جس کے تحت جون میں ریاست اور ضلعی سطح کیمپ لگا کر ان اعلانات کو نافذ کئے جانے کے اقدامات کیے جائیں گے ۔کانگریس کے مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا، تمل ناڈو اور پڈوچیری کے انچارج دنیش گڈوراؤ اور پارٹی کی قومی ترجمان سپریہ شرینیت نے چہارشنبہ کو یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے ادے پور چنتن شیویر میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی قیادت میں غوروخٰوض چل رہا ہے اور ان فیصلوں کے تحت یکم جون سے قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشور پر عمل آوری کے عمل کے ایک حصہ کے طور پر یکم اور 2 جون کو پورے ملک میں جنرل سکریٹری اور انچارج ریاستی سطح کے کیمپ منعقد کریں گے جن میں ادے پور چنتن شیویر میں پاس ہونے والے موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ جون کے پہلے ہفتہ میں منعقد کئے گئے ان کیمپوں کے بعد پھر کانگریس 11 جون کو دوبارہ ضلعی سطح پر اسی طرح کے کیمپوں کا انعقاد کرے گی اور ادے پور میں کئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کے عمل کو آگے بڑھائے گی۔ ان کیمپوں میں ادے پور اعلامیہ کو ریاستی لیڈران اور زمینی سطح کے کارکنوں تک پہنچانے کا پروگرام بنایا جائے گا۔ ریاست کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ساتھ ایم پی، اراکین اسمبلی اور تمام اضلاع کے صدور ان کیمپوں میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی 9 سے 15 اگست تک آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر ایک پروگرام منعقد کرے گی، جس کے تحت پد یاترا نکالی جائے گی۔ ان پد یاتراوں میں 75 لوگ لازمی طور پر شریک ہوں گے اور یہ تعداد ہزاروں میں بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ 9 اگست سے تین دن تک گورو یاترا کا اہتمام کیا جائے گا۔ پھر اس کے بعد 15 اگست کو ریاستی کانگریس ایک بڑا پروگرام منعقد کرے گی جس میں مجاہد آزادی کو یاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنان ’’روزگار دو‘‘ پروگرام شروع کریں گے ۔ یہ پروگرام پورے ملک میں منعقد کیا جائے گا۔