420 وعدوں کی یاددہانی کیلئے بڑے بڑے فلیکس آویزاں ، موٹر سیکل ریلی ، بی آر ایس قائدین کا خطاب
نلگنڈہ ۔ 2ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس حکومت کی ایک ہزار روزہ ناکام حکمرانی کے خلاف نلگنڈہ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے احتجاجی پروگراموں کا آغاز کیا گیا۔ ضلع پارٹی دفتر سے سینکڑوں پارٹی کارکنوں قائدین اور حامیوں نے موٹر سائیکل ریلی نکالی۔ پہلے روز 420 انتخابی وعدوں کی یاد دہانی کے لیے نلگنڈہ کے کلاک ٹاور سنٹر پر احتجاجی فلیکس آویزاں کیے گئے اور سینکڑوں افراد نے انسانی زنجیر بنا کر دھرنا دیا۔اس موقع پر ایم ایل سی ایم سی کوٹی ریڈی اور سابق رکن اسمبلی کنچرل بھوپال ریڈی نے آر ٹی سی بس میں سوار ہوکر مسافروں میں ’’بقایا کارڈز‘‘ تقسیم کیے۔اس احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے بھوپال ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی جھوٹے وعدوں اور دھوکے کی باتوں کے ذریعہ اقتدار میں آئی اور ایک ہزار دن کی ناکام حکمرانی میں عام عوام کسانوں ملازمین مزدوروں نوجوانوں اور طلبہ سمیت تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ آمرانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور ہر طرف بدعنوانی کا دور دورہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے انتخابات میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا جس کے مطابق 33 ماہ کے 82,500 روپے بقایا جات ہیں۔ اسی طرح کلیان لکشمی اور شادی مبارک کے تحت ایک تولہ سونا معمر افراد تنہا خواتین اور بیڑی کارکنوں کے لیے ماہانہ 4000 روپے کے حساب سے 66,000 روپے معذور افراد کے لیے ماہانہ 6000 روپے کے حساب سے 66,000 روپے بقایا جات ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ کے 12 ہزار کروڑ روپے بقایا جات ہیں طالبات کو اسکوٹیاں دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کانگریس حکومت ریاست کے تقریباً ہر طبقے سے کیے گئے وعدوں کی مقروض ہے۔بھوپال ریڈی نے کہا کہ ایک ہزار دن گزرنے کے باوجود وعدوں کی تکمیل نہ ہونے پر آج سے 8 سپٹمبر تک مختلف طبقات سے متعلق وعدوں کو حکومت کو یاد دلانے کے لیے روزانہ احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کل اسمبلی حلقہ کے تمام منڈلوں کے ریونیو دفاتر کے سامنے کسان کانفرنسں منعقد کی جائیں گی۔بعد ازاں ایم ایل سی ایم سی کوٹی ریڈی کے ہمراہ مختلف طبقات کے لوگوں میں بقایا جات کارڈز تقسیم کیے گئے۔ دونوں قائدین نے آر ٹی سی بس میں سوار ہوکر مسافروں میں بھی بقایا جات کارڈز تقسیم کیے۔بی آر ایس پارٹی کے قائدین کارکنان اور حامی سینکڑوں موٹر سائیکلوں پر رضاکارانہ طور پر احتجاج میں شریک ہوئے جس کے باعث کلا ک ٹاور سنٹر میں گہماگہمی کا ماحول رہا۔اس پروگرام میں سابق ریاستی کارپوریشن چیئرمین ستّیا گوڑ ، سابق مارکیٹ کمیٹی چیئرمین پنکج یادو ، شرنیا ریڈی ریاستی سکریٹری نرنجن ولی ، سابق ضلع لائبریری ادارہ صدر ملیکارجن ریڈی ، نلگنڈہ میونسپل سیدی ریڈی ، کریم پاشا ، جمال قادری و دیگر موجود تھے۔