کاکروچ جنتا پارٹی کو نام بدلنے کا مشورہ

   

چنڈی گڑھ، 7 جون (یو این آئی) ہریانہ کے توانائی، ٹرانسپورٹ اور محنت کے وزیر انل وج نے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اپنا نام بدلنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ کاکروچ ایک گندا کیڑا ہے جسے چھوٹا بچہ بھی چپل سے کچل دیتا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر وج نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور جدوجہد کرنے کا حق ہے لیکن کسی بھی تنظیم کا نام مثبت پیغام دینا چاہیے ۔ ہریانہ اسمبلی اجلاس نہ بلائے جانے کے تعلق سے قائد حزب اختلاف بھوپندر سنگھ ہڈا کے بیان کا جواب دیتے ہوئے وج نے کہا کہ کانگریس پارٹی خود ایوان میں بحث سے گریز کرتی رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس قائدین اکثر اسمبلی اجلاسوں کے دوران ایوان سے غیر حاضر رہتے ہیں اور جیسے ہی حکومت جواب دینا شروع کرتی ہے واک آؤٹ کردیتے ہیں۔ اس لیے کانگریس پارٹی کے لیے سیشن پر سوال اٹھانا نامناسب ہے ۔ کانگریس پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پاس مفاد عامہ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور وہ صرف میڈیا میں رہنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جمہوریت کے نام پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے اور صرف اخبارات میں اپنے نام شائع ہونے کی فکر ہے ۔ کروکشیتر میں احتجاج کے دوران ایم پی کی مبینہ گرفتاری کے بارے میں مسٹر وج نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا متعلقہ ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے ۔ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے اور ہریانہ کے لوگ حکومت کو اس کے کام کی بنیاد پر چلانے کے بار بار مواقع دے رہے ہیں۔