لکھنؤ، 2 جون (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے میرٹھ ضلع میں قومی سطح کی کبڈی کھلاڑی انوشکا پال کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔محترمہ مایاوتی نے سردھنا اسمبلی حلقہ کے گاؤں چروڑی کی رہنے والی قومی کبڈی کھلاڑی انوشکا پال (17) کے قتل کو “انتہائی افسوسناک اور تشویشناک” قرار دیا ہے ۔ انہوں نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ بدمعاشوں کے ہاتھوں یہ قتل معاشرے کو جھنجھوڑ دینے والا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث تمام افراد کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔محترمہ مایاوتی نے زور دے کر کہا کہ فوری کارروائی متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کو یقینی بنائے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کو دوبارہ ہونے سے روکے گی۔قابل ذکر ہے کہ پیر کو انوشکا پال کے قتل کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا تھا۔ پولیس نے اس کیس کے سلسلے میں ایک فاسٹ فوڈ فروش کو گرفتار کیا اور اس کی اطلاع کی بنیاد پر تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد ایک نالے سے لاش برآمد کی۔ لاش کی حالت انتہائی خراب ہونے کے باعث اس کی شناخت کی تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اویناش پانڈے نے پیر کو بتایا کہ تفتیش کے دوران، کال ڈیٹیل ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر، پولیس کو پتہ چلا کہ انوشکا کی آخری سرگرمیاں ملزم شیام دھانک کے ساتھ درج ہوئی تھیں۔ ملزم جو اصل میں دہرادون کا رہنے والا ہے ، واقعہ کے بعد چنڈی گڑھ چلا گیا تھا۔ پولیس نے اسے وہاں حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جس کے دوران اس نے اعتراف جرم کر لیا۔