حیدرآباد بک فیر کا دورہ ،مختلف کتابوں میں دلچسپی کا اظہار
حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ کتابیں کسی بھی انسان کی بہتر دوست ہوتی ہے اور معلومات میں اضافہ کے علاوہ اقدار کو پروان چڑھانے میں کتابوںکا اہم رول ہوتا ہے۔ بنڈارو دتاتریہ نے آج حیدرآباد بک فیر کا معائنہ کیا اور بک اسٹالس میں موجود کتابوں میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ دتاتریہ نے کہا کہ سینئر قائد ایل کے اڈوانی اپنے سفر میں ہمیشہ کتابیں ساتھ رکھتے ہیں اور انہیں مطالعہ کا غیر معمولی ذوق ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نئی نسل کو کتابوں سے قریب لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں ہر شخص کیلئے اخلاقی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ اس دور میں نوجوان نسل کو عصری آلات سے زیادہ کتابوں سے وابستہ ہونا چاہئے ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ کتابیں انسان میں خود اعتمادی پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے ان کے زیر مطالعہ کتابوں کی تفصیلات پیش کیں۔ دتا تریہ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ تلنگانہ ہر شعبہ میں ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ بنڈارو دتا تریہ نے تلنگانہ ساہتیہ اکیڈیمی ، تلنگانہ حکومت اور دیگر اسٹالس کا دورہ کیا۔ بک فیر کے نائب صدر کے چندر موہن نے استقبال کیا۔ر