کرانہ دکانوں پر بھی دستیاب ہوں گی ضروری ادویات

   

نئی دہلی : مرکزی حکومت جلد ہی بڑا فیصلہ لینے جا رہی ہے۔ نزلہ، کھانسی اور بخار میں استعمال ہونے والی ادویات کو کرانہ کی دکانوں پر بھی فروخت کے لیے دستیاب کرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ مرکزی حکومت او ٹی سی یعنی اوور دی کاؤنٹر ادویات کے لیے پالیسی لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی جو اس پر غور کر رہی ہے۔او ٹی سی یعنی اوور دی کاؤنٹر سے مراد وہ ادویات ہیں جو ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر فروخت کی جا سکتی ہیں۔ یہ پالیسی امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا جیسے ممالک میں پہلے سے نافذ ہے۔ اب اسے ہندوستان میں نافذ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ یہ کمیٹی اس سمت میں کام کر رہی ہے۔ اس کمیٹی کو اب تک اس حوالے سے بہت سی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ حالانکہ ابھی تک سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے۔یہ پالیسی کیوں لائی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق حکومت دیہی علاقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پالیسی کو لانے کی تیاری کر رہی ہے۔