کربلا میں زمینی تودے کھسکنے سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ، امدادی کام جاری

   

عراق: کربلا کے نزدیک لینڈسلائیڈنگ کے واقعہ میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے ملبے میں دبے رہنے کا اندیشہ ہے۔عراقی شہر کربلا کے نزدیک لینڈسلائیڈنگ کے واقعہ میں کئی زائرین ملبے تلے دب گئے۔عراق کے محکمہ شہری دفاع کے مطابق ہفتے کو امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے میں دبے 8 افراد کو نکال لیا گیا ہے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ ان افراد کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے اور وہ زیر علاج ہیں۔ تاہم خدشہ ہے کہ اب بھی کم از کم 6 سے 8 افراد ملبے کے نیچے ہیں اور انہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق ملبے کے نیچے سے نکالے جانے والے افراد کی حالت بہتر ہے۔ میڈیاکے مطابق ریسکیو ٹیمیں فلڈ لائٹس کی مدد سے رات بھر ان افراد کو نکالنے اور ملبے کے درمیان موجود خلا سے انہیں آکسیجن اور خوراک و پانی پہنچاتے رہے۔بتایا جارہا ہے کہ یہ واقعہ ریت کے ٹیلے اور چٹانوں کے گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔