کرسمس کے موقع پر گورنر، چیف منسٹر اور سابق چیف منسٹر کی عیسائیوں کو مبارکباد

   

حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن‘ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور سابق چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ عوام بالخصوص عیسائی طبقہ کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے علحدہ پیامات میں تینوں قائدین نے امید ظاہر کی کہ کرسمس تہوار ملک میں ترقی، خوشحالی اور امن و امان کا ضامن رہے گا۔ گورنر نے عیسائی طبقہ کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ کی تعلیمات محبت، سچائی، درگذر اور باہمی بھائی چارہ کے علاوہ قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرسمس محبت، امن اور خوشحالی کا ضامن بنے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کی بھلائی، ملک اور ریاست کی ترقی کا عہد کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عیسائی طبقہ کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عیسائی طبقہ کی بھلائی کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سیکولر حکومت قائم ہوئی ہے اور مذہبی رواداری و قومی یکجہتی کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے صحت اور خوشحالی کے ساتھ کرسمس تقاریب کے انعقاد کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ حضرت عیسیٰ کے یوم ولادت پر وہ عیسائی طبقہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار امن بھائی چارہ کے فروغ کا باعث ہوگا۔ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کی خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ر