کرسمس کے پیش نظر ٹی این جی اوز سے غربا میں اجناس کی تقسیم

   


تلنگانہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا گہوارہ ، ایس ایم حسینی صدر آرگنائزیشن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ آپسی بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا گہوارہ ہے او رپچھلے آٹھ سال سے ریاست تلنگانہ میں ہر مذہب کے عید وتہوار کے موقع پرغریبوں اور مسکینوں میں اجناس اورملبوسات کی تقسیم کا جوسلسلہ شروع کیاہے اسی سے متاثرہوکر تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس آرگنائزیشن بھی پچھلے آٹھ سالوں ‘ عیدین‘ کرسمس‘ بتکماں ‘ بونال ‘ دسہرہ کے موقع پر غریبوں او رمساکین میں ملبوسات او راجناس کی تقسیم کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔صدر ٹی این جی اوز ایس ایم حسینی مجیب نے سیاست ٹی وی سے خصوصی بات چیت میںان خیالات کا اظہار کیاہے۔انہوںنے کہاکہ کرسمس کے پیش نظر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد دفتر میں غریبوں میںملبوسات او راناج کی تقسیم عمل میںلائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ 30سے زائد طلبا ء وطالبات میں ملبوسات اور چھ ماہ کا راشن تقسیم کیاگیاہے اس کے علاوہ ڈان باسکو اسکول کے اساتذہ کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ ہر سال نہ صرف کرسمس بلکہ عیدین ‘ بتکماں اور بونال کے علاوہ دسہرہ کے موقع پر بھی ٹی این جی اوز کی نگرانی میںملبوسات اور اجناس کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائوکو دور حاضر کاعظیم سیاسی رہنما قراردیا او رکہاکہ سرکاری ملازمین کے تئیںچیف منسٹر کا ہمدردانہ رویہ قابل تحسین ہے۔ ٹی این جی اوزگریٹر حیدرآباد نے کرسمس تقاریب کے ضمن میںکیک کاٹا اور خاتون ملازمین کو تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد کے علاوہ رنگا ریڈی اور دیگر اضلاع کے ذمہ داران موجود تھے جن میںقابل ذکر سیوارتنا‘سیوا بھوشن‘پرجا رتنا‘ وی سبا لکشمی‘مرکزی تنظیم کے صدر ایم راجندرا ‘ جنرل سکریٹری پرتاب ریڈی‘ آر سرینواس‘ رنگا ریڈی ضلع آر لکشمن ‘ سری رام کے نام ہیں۔