کرغستان سے اے پی اور تلنگانہ کے طلبہ کو ہندوستان بھیجنے کا مطالبہ

   

حیدرآباد۔ طبی تعلیم کیلئے کرغستان گئے تلگو زبان بولنے والے کئی طلبہ فلائٹ کی منسوخی کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور اے پی سے تعلق رکھنے والے ان طلبہ کی تعداد235ہے جو اُس ملک میں مشکل صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔کرغستان میں کورونا کے زائد معاملات ہونے پر وہاں کے حکام نے ان طلبہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ملک واپس ہوجائیں۔موجودہ طورپر وندے بھارت مشن کے تحت طیاروں کی سہولت نہ ہونے پر تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے یہ اطلاع دی۔ان طلبہ نے فی کس 45000روپئے ایجنٹ کو ٹکٹس کی بکنگ کے لئے فراہم کئے ۔ان طلبہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 170طلبہ ایک اور تلگو ریاست اے پی سے تعلق رکھنے والے 65طلبہ شامل ہیں۔کل 10بجے دن ان کی ہندوستان واپسی کے لئے طیارہ دستیاب ہونے کی بات کہی گئی تھی جس کے بعد یہ تمام طلبہ ایرپورٹ پہنچے تاہم ایجنٹ نے ان کو بتایا کہ کرغستان میں ہندوستانی سفارت خانہ کے عہدیداروں کی جانب سے اجازت نہ مل پانے کے نتیجہ میں طیارہ کی روانگی منسوخ ہوگئی ہے ۔ان طلبہ کو 12گھنٹے تک ایرپورٹ پر ہی انتظار کرنا پڑا جس پر ان طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے ان کو ہندوستان واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ان طلبہ نے تشویش کا اظہار کیا۔