کرناٹک ضمنی انتخابات ، مجموعی طور پر 66.59 فیصد پولنگ

,

   

بنگلورو 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے 15 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر66.59 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ 37.78 لاکھ رائے دہندوں نے اپنے حق کا استعمال کیا۔ ضمنی انتخابات کے نتائج بی ایس یدی یورپا کی زیرقیادت کرناٹک کی بی جے پی حکومت کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ پولنگ کم و بیش پرامن رہی۔ صبح 7 بجے رائے دہی کا آغاز ہوا۔ آدھے دن تک 33 فیصد سے زیادہ پولنگ ہوچکی تھی۔ تاہم دن کے آخری حصہ میں اس میں تیزی دیکھی گئی۔ 2018ء کے اسمبلی انتخابات کے مقابل رائے دہی کا تناسب کم رہا۔ بنگلور شہر کے چار اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ کا تناسب بہت کم رہا۔ مختلف اسمبلی حلقوں میں رائے دہی کے تناسب کے مطابق شیکھا بالا پورا حلقہ میں سب سے زیادہ 79.8 فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ سب سے کم بنگلورو کے آر کے پورم حلقہ میں رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح بنگلورو کے دیگر دو حلقوں میں بھی رائے دہی کا فیصد کم رہا جن میں مہا لکشمی اور شیواجی نگر شامل ہیں جن میں بالترتیب 40.47 اور 41.13 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح مجموعی طور پر 60 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔کانگریس اور جنتادل (ایس) کے 17 باغی ارکان کو نااہل قرار دینے کے بعد ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کروائے جارہے ہیں۔بی جے پی کو اپنی حکومت بچانے کے لئے 15 کے منجملہ کم از کم 6 اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ 225 رکنی کرناٹک اسمبلی میں اس کی اکثریت برقرار رہ سکے۔ سپریم کورٹ نے باغی ارکان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔ کانگریس اور جنتادل سے بغاوت کرکے جو ارکان بی جے پی میں شامل ہوئے تھے اُنھیں بی جے پی نے ٹکٹ دیا ہے۔ 15 کے منجملہ 13 حلقوں میں امیدوار بی جے پی کے ٹکٹ پر ہی مقابلہ کررہے ہیں۔ 9 ڈسمبر کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ جس میں بی جے پی کو کم از کم 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔