کرناٹک میں دوبارہ وسط مدتی انتخابات کی پیش قیاسی

   

یدی یورپا حکومت پر سابق چیف منسٹر سدارامیا کی تنقید اور ناپائیداری پیش قیاسی

بنگلورو ۔یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں بی جے پی حکومت طویل مدت تک جاری رہنے کے بارے میں شک و شبہ ظاہر کرتے ہوئے کانگریس قائد سدا رامیا نے اتوار کے دن کہا کہ انہوں نے اپنے پارٹی کے ساتھیوں سے اسمبلی انتخابات کیلئے تیاری کی خواہش کی ہے ۔ بی ایس یدی یورپاحکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس انتظامیہ کا ایک ماہ سے زیادہ قائم رہنے کا بھروسہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کہہ چکے ہیں کہ موجودہ حکومت کیلئے تین سال سہ ماہ کی میعاد مکمل کرنے کی توقع نہیں ہے ۔ کیونکہ 17 کانگریس۔ جے ڈی ایس افراد ( جنہیں نااہل قرار دیا گیا تھا ) اس کی تائید کررہے ہیں ۔ اُن کا ( بی جے پی کا ) کہنا ہے کہ وہ حکومت چلائیں گے لیکن یہ کتنا عرصہ برقرار رہے گی ؟ سدارامیا نے سوال کیا ۔ وہ میسورو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ مبینہ طور پر انہوں نے کہا کہ کانگریس ۔ جے ڈی ایس کے 17ارکان اسمبلی بی جے پی کا ساتھ دے رہے ہیں اور اُن کی نظریں ’’ اقتدار‘‘ پر ہیں ۔ جو افراد اپنی پارٹی کے اصولوں اور پروگرام کے مخلص نہیں رہے کیا اُن کی سیاسی اقدار پر یقین کیا جاسکتا ہے اور اُن کی تائید کے بھروسہ حکومت چلائی جاسکتی ہے ۔ یہ حکومت کتنا عرصہ برقرار رہے گی ۔ یدی یورپا بی جے پی حکومت اپنے عہدہ پر گذشتہ ہفتہ ایک ماہ مکمل کرچکی ہے ۔ سدا رامیا کا دعویٰ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ایک سال برقرار رہے گی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت کی زیادہ عرصہ برقراری مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل منگلورو میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس کے دوران وہ کہہ چکے ہیں کہ ہماری پارٹی کے ارکان آئندہ ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے ۔ اس کے بعد وسط مدتی اسمبلی انتخابات بھی ہوں گے اور آپ کو اس کیلئے تیار رہنا چاہیئے ۔ 17کانگریس ۔ جے ڈی ایس ارکان اسمبلی کی خطہ اعتماد پر رائے دہی کے دوران غیر حاضر تھے۔ کمارا سوامی حکومت زوال پذیر ہوگئی تھی –