کرناٹک کے دکشن کنڑ میں بارش کی وجہ سے دوافراد ہلاک

   

منگلورو، 30 مئی (یو این آئی) کرناٹک کے دکشن کنڑ ضلع میں جمعہ کو موسلادھار بارش جاری رہی جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سمندری طوفان کی وجہ سے کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہیں۔ شدید بارش جاری رہنے اور خطرے والے علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ جاری کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیاہے ۔حکام نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں، نشیبی علاقوں اور آبی ذخائر کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ایمرجنسی ٹیمیں پورے علاقے میں ہائی الرٹ پر ہیں۔فاطمہ نعیم (10) بیلما گاؤں کے کنکیرے میں کئی دنوں کی بارش کی وجہ سے گرنے والی دیوار کے نیچے دب کر ہلاک ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے دیوار گر گئی اور یہ اس کے گھر پر گر گئی۔ لڑکی کو ملبے سے نکال کر اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔منجناڈی کے قریب مونٹیپاڈو کوڈی کی پریما پجاری (50) کی اس وقت موت ہو گئی جب بڑے پیمانے پر تودے گرنے سے اس کا مکان مٹی اور ملبے کے ڈھیر کے نیچے دب گیا۔ ضلع انتظامیہ نے دکشن کنڑ اور اُڈپی اضلاع کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔